ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن گلگت بلتستان کا صوبائی حکومت کو 10 دن کا الٹی میٹم


گلگت: ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن گلگت بلتستان نے مطالبات کے حل کیلئے صوبائی حکومت کو 10 دن کا الٹی میٹم دے دیا ہے۔ 

آج گلگت میں ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو میں صدر ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن ڈاکٹر محبوب الحق نے کہا کہ  کنٹریکٹ ڈاکٹرز مستقلی ایکٹ 2018 پر فوری عمل در آمد کیا جائے۔ بیوروکریسی ہمارے مطالبات کے حل میں دیوار بن گئی ہے۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ گلگت بلتستان کے ڈاکٹرز کے لئے تربیت اور ڈیپوٹیشن کی پالیسی پر عمل درآمد کیا جائے۔

ڈاکٹر محبوب الحق نے الزام عائد کیا کہ سیکریٹری صحت گلگت بلتستان کا رویہ ڈاکٹرز اور ان کے مسائل کے بارے افسوس ناک ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ  5 ستمبر تک ہمارے مطالبات حل نہ ہوئے تو پورے گلگت بلتستان میں او پی ڈیز بند کر دیں گے۔

صدر ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن گلگت بلتستان نے کہا کہ مطالبات پورے ہونے تک چیف سیکریٹری آفس کے باہر دھرنا بھی دیں گے۔  گلگت بلتستان کے ڈاکٹرز کی خاطر پیشہ ورانہ اعلٰی تعلیم کے حصول کے لئے مواقع پیدا کئے جائیں۔

انہوں نے کہا کہ ڈاکٹروں کی کمی کو پورا کیا جائے اور تنخواہیں دیگر صوبوں کے ڈاکٹرز کے برابر لائی جائیں

صدر وائی ڈی اے ڈاکٹر محبوب الحق کے ہمرا  ڈاکٹر مصباح، ڈاکٹر بہادر شاہ، ڈاکٹر فوزیہ و دیگر  بھی پریس کانفرنس میں موجود تھے۔

یہ بھی پڑھیے: ینگ ڈاکٹرز نے ایک بار پھر سڑکوں پر آنے کا اعلان کردیا


متعلقہ خبریں