مصطفی کمال پراجیکٹ ڈائریکٹر گاربیج تعینات


کراچی :شہرقائد کے مسائل پر میئر وسیم اختر اور سابق سٹی ناظم مصطفی کمال ایک بار پھر الجھ پڑے تازہ لفظی گولہ باری کے بعد مئیر کراچی کی طرف سے ایک اور اقدام سامنے آیا ہے۔

میئر کراچی وسیم اختر  نے پاک سرزمین پارٹی(پی ایس پی )کے رہنما اور سابق ناظم  مصطفی کمال کو پراجیکٹ ڈائریکٹر گاربیج تعینات کردیا۔

سابق ناظم مصطفی کمال نے آج صبح چیلینج کیا تھا کہ مجھے موقع دیں 90 دن میں کچرا صاف کر دونگا۔ میئر کراچی وسیم اختر نے مصطفی کمال کی خواہش کا احترام کیا۔

مئیر آفس کی طرف سے جاری نوٹیفیکشن کے مطابق مصطفی کمال کو 90 دن کے لئے پراجیکٹ ڈائریکٹر گاربیج تعینات کیا گیا ہے۔

مئیر کراچی وسیم اختر نے کہاہے کہ مصطفی کمال 90 دن کے اندر کراچی کا کچرااٹھا کر دکھائیں،میئر کراچی نے تمام دستیاب وسائل بھی مصطفی کمال کو دینے کی ہدایت  کی ہے۔

میئر کراچی نےمصطفی کمال کو پروجیکٹ ڈائریکٹر گاربیج لگانے کا نوٹیفکیشن نکالا تو وزیر اطلاعات سندھ سعید غنی نے بھی فٹا فٹ وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ میئر کراچی وسیم اختر کو کے ایم سی میں سینئر افسروں کی تقرریاں کا اختیار ہی نہیں ۔

وزیر اطلاعات سندھ سعید غنی نے کہاہے مصطفے کمال کے لیے مئیر کراچی کی طرف سے جاری ہونے والے  اس نوٹی فکیشن کی کوئی قانونی حیثیت نہیں ہے۔

وسیم اختر کی طرف سے حکم نامہ جاری ہونے کے بعد مصطفی کمال نے پریس کانفرنس کرنے کا اعلان کردیا۔

پی ایس پی کے سربراہ آج رات 8:30 بجے ہنگامی پریس کانفرنس سے خطاب کریں گے۔


متعلقہ خبریں