اقوام متحدہ کشمیر کے مسئلے پر اپنی ذمہ داریاں نبھائے، ملیحہ لودھی

اقوام متحدہ میں مذہب، تعصب کی بنیاد پر دہشتگردی کے خلاف قرار داد منظور

فوٹو: رائٹرز


نیویارک: اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ملیحہ لودھی نے کہا ہے کہ بھارتی فوج کےغاصبانہ تسلط نے مقبوضہ کشمیر کو اندھیروں میں دھکیل دیا ہے۔

انہوں نے یہ بات جنرل اسمبلی کی صدر ماریہ اسپنوزا سے ملاقات کے دوران کہی اور انہیں مقبوضہ کشمیر میں بھارتی جارحیت سے پیدا ہونے والی صورتحال سے آگاہ کیا۔

اس موقع پر صدر جنرل اسمبلی نے کہا کہ کشمیر میں صورتحال کو تشویش سے دیکھ رہے ہیں ۔ اس دوران ملیحہ لودھی نے کہا کہ بھارت نے تین ہفتے سے زیادہ عرصے سے کشمیریوں کی تمام آزادیاں سلب کر رکھی ہیں، اقوام متحدہ کی کشمیر پر تاریخی ذمہ داریاں ہیں جو اسے نبھانی چاہئے۔

انہوں نے کہا کہ عالمی برادری کو کشمیری عوام کو ان کا جائز حق خودارادیت دلوانے کے لیے کردار ادا کرنا ہوگا۔

یاد رہے گزشتہ ہفتے ہم نیوز کے پروگرام ایجنڈا پاکستان میں میزبان عامر ضیاء سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے ملیحہ لودھی نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کے حوالے سے عالمی ماحول تبدیل ہوگیا ہے جس کی وجہ سے مغرب میں رائے عامہ بھی تبدیل ہو رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ بھارت کی تمام تر کوششوں کے باوجود سلامتی کونسل کے پندرہ ممبران نے اجلاس پر اتفاق کیا، اب پاکستان کے لیے یہ چیلنج ہے کہ اس معاملے کو آگے بڑھانا ہے۔

ملیحہ لودھی نے کہا کہ اجلاس میں جو بریفنگ دی گئی اس میں کھل کر بتایا گیا کہ بھارت کیا کر رہا ہے اور اس کے نتیجے میں کیا ہوسکتا ہے۔ چین، روس، برطانیہ اور امریکہ بھی چاہتے ہیں کہ اس مسئلے کا کوئی حل نکلے۔

ان کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر کی صورتحال سے بھارت بوکھلا گیا ہے کیونکہ وہاں کے عوام چاہتے ہیں کہ بھارت وہاں سے نکل جائے۔

 


متعلقہ خبریں