میئر کراچی نے مصطفیٰ کمال کو معطل کردیا


کراچی: تعیناتی کے محض ایک روز بعد ہی میئر کراچی وسیم اختر نے پاک سرزمین پارٹی (پی ایس پی) کے چیئرمین مصطفیٰ کمال کو معطل کردیا۔

ہم نیوز کے مطابق گزشتہ روز موجودہ میئر نے سابق میئر کراچی کو ’پراجیکٹ ڈائریکٹر گاربج‘ مقرر کیا تھا۔

شہر قائد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وسیم اختر کا کہنا تھا کہ نیک نیتی سے کراچی کے مسائل حل کرنا چاہتا ہوں اور اس حوالے سے وفاقی وزیر علی زیدی سے بھی بات کی۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں سندھ حکومت وسائل نہیں دے رہی اس لیے خود کام کرنا ہوگا۔

ان کا کہنا تھا کہ مصطفیٰ کمال کی پیشکش پر اختلافات بھلا کر لبیک کہا حالانکہ وہ مجھ پر ذاتی تنقید بھی کرچکے ہیں۔

میئر کراچی نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ میری دیانتداری کا غلط فائدہ اٹھایا گیا، اس سے پتہ چلتا ہے آپ کراچی کے لیے سنجیدہ نہیں۔

انہوں نے مصطفیٰ کمال کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ بتاتے کہ آپ کے پاس کراچی صاف کرنے کا کون سا فارمولا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ مصطفیٰ کمال نے عہدہ ملتے ہی بلدیہ میں بھی چائنہ کٹنگ کردی، آپ کو صرف ڈی جی گاربج کا عہدہ دیا گیا تھا۔

وسیم اختر نے کہا کہ ہر چیز کا طریقہ ہوتا ہے، نوٹیفکیشن کے بعد آپ کو ڈیوٹی پر آنا چاہیے تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ میں سمجھتا تھا مصطفیٰ کمال نیک نیتی سے کام کریں گے مگر وہ بدتمیز ہیں اور اس قابل نہیں کہ ان کے ساتھ ملا جائے۔

وسیم اختر نے مزید کہا کہ پی ایس پی چیئرمین کو بدتمیزی پر معطل کیا کیوں کہ وہ صرف سیاست چمکا رہے ہیں۔


متعلقہ خبریں