پی آئی اے کی ہوابازی قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کارروائی


لاہور: پاکستان انٹرنیشنل ائر لائن (پی آئی اے) کی انتظامیہ نے  ہوابازی کے قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کارروائی شروع کر دی ہے۔

انتظامیہ کی جانب سے جاری کیے گئے نوٹیفکیشن کے مطابق جعلی تعلیمی اسناد پر نوکری حاصل کرنے والوں اور غیر قانونی چھٹیاں کرنے والی فضائی میزبانوں کو نوکری سے فارغ کر دیا گیا ہے۔

کارروائی کے پہلے مرحلے میں شعبہ فلائٹ سروسز سے تین فضائی میزبانوں اور دو اسٹیورڈز کو فراغت کے پروانے جاری کیے گئے ہیں۔

فضائی میزبان صدف نواز، ارم قادر، شہاب تنویر کو ایئر لائن قوانین کے خلاف لمبی رخصت لینے کی وجہ سے جبکہ تھریسا کارڈوزا کو بی اے کی جعلی ڈگری جمع کروانے پر ملازمت سے برطرف کیا گیا ہے۔

پی آئی اے انتظامیہ نے سروس ڈسپلن ریگولیشن 1985 کے تحت فضائی میزبانوں اور فلائٹ اسٹیورڈز کو برطرف کیا ہے۔

برطرف کیے گئے ملازمین کو ایئر لائن قوانین کے تحت پہلے اظہار وجوہ کے خطوط (شوکاز لیٹرز) بھی جاری کیئے گئے جن کا جواب داخل نہ کرائے جانے پر کارروائی عمل میں لائی گئی ہے۔


متعلقہ خبریں