نوجوان کو شہریوں کی جانب سے زندہ جلانے کی کوشش


کراچی کے علاقے بلدیہ مواچھ گوٹھ میں چوری کے الزام میں پکڑے گئے نوجوان کو شہریوں کی جانب سے زندہ جلانے کی کوشش ناکام  ہوگئی ۔ نوجوان پر بہیمانہ تشدد کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔

کراچی میں ایک اور ریحان شہریوں کے قہر سے بچ گیا۔بلدیہ مواچھ گوٹھ میں رات گئے اہل محلہ نے ایک نوجوان کو چوری کے الزام میں پکڑلیا۔اسے بجلی کے پول سے باندھ کر بدترین تشدد کیا گیا۔

نوجوان کو برہنہ کرکے زندہ جلانے کی بھی کوشش کی گئی۔ مشتعل افراد نوجوان پر تشدد کی ویڈیو بھی بناتے رہے۔ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تو پولیس بھی حرکت میں آئی۔

تشدد کرنے والے دو افراد عمیر اور مقبول کو حراست میں لے لیا گیاہے۔پولیس کے مطابق  نوجوان نشے کا عادی ہے۔ وہ عمران نامی شخص کے گھر میں داخل ہوا تھا اور تشدد کا نشانہ بننے کے بعد فرار ہوگیا ۔

پولیس کے مطابق نوجوان پر تشدد کرنے والے افراد کے خلاف مقدمہ درج کیا جارہا ہے۔آئی جی سندھ نے واقعے کا نوٹس لے کر ایس ایس پی ویسٹ سے رپورٹ طلب کرلی ہے ۔

کراچی میں چند روز پہلے بھی بہادر آباد میں پندرہ سالہ ریحان نامی  کم سن بچہ  چوری کے الزام میں شہریوں کے تشدد سے جاں بحق ہوگیا تھا۔

یہ بھی پڑھیے: کم سن ریحان کے قتل کی تفتیش کرنے والی ٹیم کے ارکان کے خلاف مقدمہ


متعلقہ خبریں