خیبرپختونخوا اسمبلی میں نئی تاریخ رقم ،قبائلی اضلاع کے اراکین نے حلف اٹھا لئے

خیبر پختونخوا کابینہ

پشاور: خیبرپختونخوا اسمبلی میں نئی تاریخ رقم ہوگئی جہاں قبائلی اضلاع کے 16 منتخب اور تین مخصوص نشستوں پر آنے والے اراکین نے حلف اٹھا لیا۔

پاکستان کے شمال مغربی صوبے خیبر پختونخوا کے قبائلی  اضلاع میں بھی تبدیلی آگئی ہے جہاں سےپہلی بار منتخب اراکین نے خیبرپختونخوا اسمبلی میں حلف اٹھا کر نئی تاریخ رقم کی ہے۔

اجلاس میں نومنتخب اراکین نے خطاب کرتے ہوئے قبائلیوں کی محرومیوں کا خاتمہ کرنے کے عزم کا اعادہ  کیا تو وہیں وزیراعلی  محمود خان نے خطاب کرتے ہوئے قبائلیوں کے ساتھ ملکر مقبوضہ کشمیر کو بھارت کی قید سے آزاد کرنے کا اعلان بھی کردیا۔

اجلاس میں منشیات کی روک تھام اور بالخصوص آئس کی سمگلنگ کو جرم قرار دینے کے لیے قانون کی منظوری بھی دیدی گئی جس کے تحت منشیات سمگلنگ کرنے والوں کے اثاثوں کو ضبط کرنے سمیت موت کی سزا دی جائے گی۔

اجلاس میں خیبرایجنسی سے تعلق رکھنے والے بلاول آفریدی نے کم عمر ترین رکن اسمبلی کی حثیت سے حلف لیکر ریکارڈ قائم کیا وہیں جنوبی وزیرستان سے آئے کارکن منفرد لباس کے باعث سب کی توجہ کا مرکز بنے رہے۔

بلوچستان عوامی پارٹی (بی اے پی ) پارٹی سے تعلق رکھنے والے رکن اسمبلی بلاول آفریدی کی عمر 25 سال 8 ماہ ہے۔

اس سے قبل یہ کم عمر رکن صوبائی اسمبلی ہونے کا اعزاز ڈیرہ اسماعیل  خان سے تعلق رکھنے والے رکن اسمبلی آغازخان گنڈا پور کے پاس تھا۔

یہ بھی پڑھیے: قبائلی اضلاع میں پرامن انتخابات کے انعقاد پر چیف الیکشن کمشنر کا اظہار تشکر


متعلقہ خبریں