قومی ائر لائن کوجدید خطوط پر استوار کرنے کے حوالے سے وزیراعظم کی زیر صدارت اجلاس

فوٹو: فائل


اسلام آباد:  وزیرِ اعظم عمران خان کی زیر صدارت پاکستان انٹر نیشنل ائر لائنز کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے حوالے سے اجلاس ہوا ہے۔ 

اجلاس میں وزیر ہوابازی غلام سرور خان، مشیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ، سیکرٹری ہوابازی شاہ رخ نصرت، سیکرٹری خزانہ نوید کامران، سی ای او پی آئی اے ائیر مارشل ارشد ملک، طیارہ ساز ادارے کے نمائندگان و سینئر افسران شریک ہوئے۔

اجلاس میں پاکستان انٹرنیشنل ائیر لائنز کے موجودہ فلیٹ میں جدید اور نئے طیارے شامل کرنے،مسافروں کو بہتر سفری سہولتیں مہیا کرنے اورمستقبل کی ضروریات کو مدنظر رکھ کر ادارے کی استعداد بڑھانے کے حوالے سے تفصیلی گفتگوکی گئی ۔

اجلاس میں سی ای او پی آئی اے ائیر مارشل ارشد ملک نے وزیرِ اعظم کو بتایا کہ پی آئی اے کی موجودہ انتظامیہ کی شب و روز کاوشوں کی بدولت ادارے کے خسارے میں مسلسل کمی آر ہی ہے۔

وزیرِ اعظم کو بتایا گیا کہ ملک میں ائیر ٹرانسپورٹ کا خاطر خواہ پوٹینشل موجود ہے جو کہ آئندہ بیس سالوں میں دوگنا سے بھی زائد تک بڑھے گا۔

پی آئی اے کو جدید خطوط پر استوار کرنے سے جہاں ادارے کے منافع میں اضافہ ہوگا وہاں کاروباری سرگرمیوں اور سیاحت کے فروغ میں بھی مدد ملے گی۔

وزیر اعظم عمران خان کو آگاہ کیا گیاکہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی کثیر تعداد،بڑھتی ہوئی شہری آبادی اور معیشت کے حجم میں بتدریج اضافے سے ہوابازی کی صنعت کے فروغ کے لئے نہایت موزوں ہے۔

اجلاس میں طیارہ ساز ادارے کے نمائندگان کی جانب سے وزیر اعظم کو نئے جہازوں کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔

اس موقع پر وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ  پاکستان انٹرنیشنل ائر لائن نہ صرف قومی ادارہ بلکہ ملک کی پہچان ہے۔ ماضی کی منافع بخش ائر لائن اور ہوابازی کے شعبے میں خطے کا سرکردہ ادارہ بد انتظامی اور غفلت کی وجہ سے مشکلات کا شکار ہوا۔

انہوں نے کہا کہ حکومت پی آئی اے کو منافع بخش اور فعال ادارہ بنانے کے لئے کوشاں ہے۔

یہ بھی پڑھیے: سول سروس اصلاحات میں پیش رفت کے حوالے سے جائزہ اجلاس


متعلقہ خبریں