بھارتی اقدامات امن کے لئے خطرہ ہیں،وزیراعظم عمران خان


اسلام آباد:وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ بھارتی اقدامات امن کے لئے خطرہ ہیں،بھارت اپنے غاصبانہ اقدامات سے نظر ہٹانے کے لئے جھوٹا پراپیگنڈا کر سکتا ہے۔ 

وزیراعظم عمران خان  نے ان خیالات کا اظہار چینی سنٹرل ملٹری کمیشن کے وائس چیئرمین جنرل ژو کیانگ سے ملاقات میں کیا ہے۔

سرکاری اعلامیے میں کہا گیاہے کہ جنرل ژو کیانگ اعلیٰ سطح کے وفد کے ہمراہ پاکستان کے دورہ پر ہیں۔ چینی وفد کی وزیراعظم عمران خان سے ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور سمیت دو طرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیراعظم عمران خان  نے جنرل ژو کیانگ کو مقبوضہ کشمیر پر بھارت کے غاصابنہ قبضے اور غیرقانونی اقدامات سے متعلق آگاہ کیا۔

وزیراعظم پاکستان عمران خان نے اقوام متحدہ میں مسئلہ کشمیر کی حمایت پر چین کا شکریہ بھی  ادا کیا۔

چینی وفد سے ملاقات کے موقع پر وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ پاک چین سدا بہار دوستی اور اسٹریٹیجک پارٹنرشپ خطے میں امن کی ضامن ہے،3 ہفتوں سے مقبوضہ کشمیر میں مکمل لاک ڈاؤن ہے اور انسانی حقوق پامال کئے جا رہے ہیں۔

وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ بھارتی اقدامات امن کے لئے خطرہ ہیں،بھارت اپنے غاصبانہ اقدامات سے نظر ہٹانے کے لئے جھوٹا پراپیگنڈا کر سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر سے کرفیو فی الفور اٹھانا چاہیئے،انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں کو صورت حال کے جائزے کے لئے مقبوضہ کشمیر تک رسائی دی جائے۔

عمران خان نے کہا کہ انسانی حقوق کی پامالی سے انتہاپسندی بڑھنے کا خدشہ ہے ،بھارت لاکھوں کشمیریوں کے انسانی حقق کے خلاف ورزی کررہاہے۔

اس موقع پر جنرل ژو کیانگ نے کہا کہ چین ہر موقع بالخصوص موجودہ صورتحال میں پاکستان کے ساتھ کھڑا ہے، جنوبی ایشیاء میں امن اور معاشی استحکام کے لئے متنازعہ امور کا حل ضروری ہے۔

سرکاری اعلامیے میں یہ بھی کہا گیاہے کہ پاکستان اور چین خطے میں امن و استحکام کے لئے ایک دوسرے کے ساتھ چلتے رہیں گے۔

وائس چیرمن چینی ملٹری کمیشن کی صدر مملکت عارف علوی سے بھی ملا قات ہوئی ہے۔

صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان چین کے ساتھ دفاعی تعاون اور اسکی پاکستان کے قومی سلامتی پر امداد کو انتہائی قدر کی نگاہ سےدیکھتا ہے۔

صدر مملکت نے پاکستان اور چین کی پایدار دوستی کو سراہا۔

صدر نے چین کا پاکستان کی عالمی سطح پر حمایت، خاص طور پر بھارت کی مقبوضہ کشمیر میں غیر قانونی اقدامات کے بعد سلامتی کونسل میں، حمایت کا شکریہ ادا کیا۔ وفد نے پاکسان کو چین کی مسلسل حمایت کا یقین دلایا۔

یہ بھی پڑھیے: مقبوضہ کشمیر کی صورتحال:وزیراعظم عمران خان کا جرمن چانسلر سے رابطہ


متعلقہ خبریں