نواز شریف کا ایک بار پھر جیل سے اسپتال  منتقل ہونے کا امکان

نواز شریف نے کارکنوں کو 23مارچ کو جیل کے باہر جمع ہونے سے روک دیا

فوٹو: فائل


لاہور:العزیزیہ ریفرنس میں سزایافتہ سابق وزیراعظم  نواز شریف کا ایک بار پھر جیل سے اسپتال  منتقل ہونے کا امکان ہے، پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی لاہور میں تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔ 

کوٹ لکھپت جیل کے قیدی نمبر چوالیس ستر کی صحت دوبارہ خراب ہونے کے سبب  سابق وزیراعظم کو کسی بھی وقت اسپتال منتقل کیا جاسکتاہے۔

نواز شریف کے ذاتی معالج نے چیف سیکرٹری کو خط لکھ کر ن لیگ کے تاحیات قائد سابق وزیراعظم نواز شریف کی اسپتال منتقلی کی درخواست کی۔

میاں نواز شریف کے ذاتی معالج ڈاکٹر عدنان کے مطابق میاں صاحب کو خاص طبی معائنے کی ضرورت ہے، جس کی سہولت جیل میں موجود نہیں ہے۔

محکمہ داخلہ ذرائع کا کہنا ہے کہ نواز شریف کی میڈیکل رپورٹ اور سپرنٹنڈنٹ جیل کی سفارش پرانہیں جیل سے اسپتال منتقل کرنے کا حتمی فیصلہ کیا جائے گا۔

سابق وزیراعظم نواز شریف کیلئے تین شفٹوں میں ڈاکٹرز مسلسل ڈیوٹی انجام دے رہے ہیں،جیل سپرنٹنڈنٹ کے مطابق محکمہ داخلہ کے حکم کے بعد عملدرآمد کیا جائے گا۔

میڈیکل سپرنٹنڈنٹ (ایم ایس) پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی کا کہنا ہے کہ نوازشریف کی اسپتال منتقلی کے حوالے سے  تیاریاں مکمل ہیں، جیسے ہی حکام  مطلع کریں گے، سیکیورٹی انتظامات کو حتمی شکل دے دی جائے گی۔

یہ بھی پڑھیے: نواز شریف کے خلاف سرکاری گاڑیوں کے استعمال کا کیس،دفتر خارجہ کےحکام سے تفتیش


متعلقہ خبریں