حکومتی اداروں کو کاغذوں سے پاک کرنے کا فیصلہ

کراچی و حیدرآباد میں نئی حلقہ بندیاں کی جائیں وگرنہ احتجاج ہو گا، ایم کیو ایم

فائل فوٹو


اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے انفارمیشن اینڈ ٹیکنالوجی خالد مقبول صدیقی نے کہا ہے کہ بہت جلد ڈیجیٹل پاکستان کے نام سے ایک مہم شروع کی جائے گی جس سے حکومتی اداروں کو کاغذوں سے پاک(پیپر لیس) بنائیں گے۔

ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ہم تیزی سے پیپرلیس گورننس کی طرف آرہے ہیں اس کے لیے ایک سال درکار ہوگا۔

انہوں نے آئی ٹی کی تعلیم عام کرنے کیلئے ایمرجنسی کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ دنیا کو لاکھوں کی تعداد میں آئی ٹی گریجویٹس کی ضرورت ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں ہر سال 25 ہزار آئی ٹی گریجوئیٹس پاس ہوتے ہیں جن میں سے صرف پانچ ہزارکو نوکری ملتی ہے۔

وفاقی وزیر نے بتایا کہ وہ آئندہ چند سالوں میں بدلتی دنیا کے ساتھ پاکستان کو ہم آہنگ کرنے کے لیے کوشاں ہیں اور ایک سال میں وزارت آئی ٹی نے جاری منصوبوں کی تکمیل کے ساتھ عالمی معیار پر اقدامات کا آغاز کیا ہے۔

خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ پاکستان کے دوردراز علاقوں میں انٹرنیٹ کی سہولت فراہم کی جبکہ بلوچستان سمیت شمالی اور جنوبی وزیرستان میں ٹیلی کام کے منصوبوں پر کام جاری ہے۔

انہوں نے بتایا کہ فری لانسرز کے خیالات کو دنیا تک پہنچانے کیلئے عالمی انفارمیشن ٹیکنالوجی کانفرنس کراچی میں منعقد ہوگی جس پاکستانی کی بھرپورنمائندگی ہوگی۔

وزیربرائے انفارمیشن ٹیکنالوجی نے بتایا کہ پاکستان دنیا کا تیسرا بڑا ملک ہے جہاں فری لانسنگ بڑی تیزی سے مقبول ہوئی اور آئی ٹی ایکسپورٹ چار ملین ڈالر تک پہنچ چکی ہیں۔


متعلقہ خبریں