عدالت میں دائر درخواست بدنیتی پر مبنی تھی، چیئرمین پی سی بی

Ahsan mani

لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین احسان مانی نے کہا ہے کہ قومی کرکٹ ٹیم کے مداح جانتے ہیں عدالت میں دائر درخواست بد نیتی پر مبنی تھی۔

پی سی بی کے چیئرمین احسان مانی نے لاہور ہائی کورٹ کے فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ آئین 2019 کو معطل کرنے سے متعلق درخواست خارج کرنے پر معزز جج کے فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہیں۔

انہوں ںے کہا کہ عدالت میں دائر درخواست کا مقصد محض قومی کرکٹ ٹیم کی سرگرمیوں کو روکنا تھا تاہم پی سی بی نے درخواست کو مضبوط قانونی تقاضوں پر شکست دی۔

چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ عدالتی فیصلے نے تمام ابہام دور کردیے ہیں اور ہم سیزن 20-2019 کی تیاریوں کا آغاز جلد کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ درخواست گزار نے آج ایک بار پھر پی سی بی کا آئین معطل کرنے کی استدعا کی تھی تاہم عدالت نے درخواست گزار کو حکم امتناعی جاری کرنے سے انکار کرتے ہوئے درخواست خارج کر دی۔

واضح رہے کہ 23 اگست کو لاہور ہائی کورٹ نے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کا 19 اگست کو نافذ ہونے والا نیا آئین معطل کر دیا تھا۔

درخواست گزار نے مؤقف اختیار کیا تھا کہ  نئے آئین میں ملک کی کرکٹ کو چھ ایسوسی ایشنز تک محدود کر دیا گیا تھا اور گورننگ بورڈ کے اراکین کی حیثیت ختم کر دی گئی تھی۔

یہ بھی پڑھیں پاکستان کرکٹ بورڈ کا نیا آئین 19 اگست 2019 سے نافذ العمل

گزشتہ روز لاہور ہائی کورٹ نے پی سی بی کے نئے آئین اور قائم مقام الیکشن کمشنر کو کام سے روکنے کی درخواستیں مسترد کر دی تھیں۔ عدالت نے درخواستیں واپس لینے کی بنا پر درخواستیں مسترد کی تھیں اور جس کے بعد آئین دوبارہ بحال ہو گیا۔


متعلقہ خبریں