شاہ محمود قریشی کا ‏کویت کے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سے رابطہ

پاکستان کا بھارت کو جواب اپنے دفاع میں تھا،شاہ محمود

وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کا امریکا کے قومی سلامتی کے مشیر ایمبیسڈر جان بولٹن سےٹیلیفونک رابطہ


اسلام آباد:وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے ‏کویت کے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ شیخ صباح خالد الحماد الصباح سے ٹیلیفونک رابطہ کیاہے۔ 

دفتر خارجہ کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور کویت کے نائب وزیراعظم کے مابین مقبوضہ جموں و کشمیر کی تشویشناک صورتحال پر تبادلہ ہوا۔

اس موقع پر وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ہندوستان مقبوضہ جموں و کشمیر میں اپنے یکطرفہ اقدامات کے بعد نہتے کشمیریوں پر شدید مظالم ڈھا رہا ہے۔

شاہ محمود قریشی نے کویتی نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ کو بتایا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کے پیش نظر کشمیریوں کے قتل عام کے نتیجے میں ایک نیا انسانی المیہ جنم لیتا دکھائی دے رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی میڈیا اور انسانی حقوق کی تنظیمیں ان بھارتی مظالم کا پردہ چاک کر رہی ہیں۔

وزیر خارجہ  مخدوم شا محمود حسین قریشی نے اپنے کویتی ہم منصب کو آگاہ کیا کہ بھارت مقبوضہ جموں و کشمیر کی صورتحال سے دنیا کی توجہ ہٹانے کے لیے “فالس فلیگ آپریشن” کی طرز کا کوئی ناٹک رچا سکتا ہے۔

وزیر خارجہ نے کشمیر کے مسئلے پر سیکورٹی کونسل، ہیومن رائٹس کونسل اور او آئی سی میں پاکستان کے موقف کی تائید پر کویتی وزیر خارجہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں توقع ہے کہ کویت، مسئلہ کشمیر کو بین الاقوامی سطح پر اجاگر کرنے کیلئے پاکستان کی معاونت جاری رکھے گا۔

کویتی وزیر خارجہ نے اس ساری صورتحال سے آگاہ کرنے پر وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے مقبوضہ جموں و کشمیر کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اپنے ممکنہ تعاون کا عندیہ بھی دیا۔

یہ بھی پڑھیے: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا بیلجیم کے ہم منصب سے ٹیلی فونک رابطہ


متعلقہ خبریں