باکسر عامر خان نے کشمیریوں کے ساتھ کھڑے ہونے کا اعلان کر دیا

باکسر عامر خان نے کشمیریوں کے ساتھ کھڑے ہونے کا اعلان کر دیا۔

فوٹو: فائل


اسلام آباد: بین الاقوامی باکسر عامر خان نے کشمیریوں کے ساتھ کھڑے ہونے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ سب کو کشمیر کی مدد کرنی چاہیے۔

پاکستانی نژاد بین الاقوامی باکسر عامر خان نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ہم سب کشمیریوں کے ساتھ کھڑے ہیں میں نے منگل کو پاک فوج کے ساتھ کشمیر کا دورہ کیا تھا اور میں وہاں جا کر محسوس کرنا چاہتا تھا کہ مجھے دیکھ کر انہیں کیسا لگتا ہے۔ مقبوضہ کشمیر میں نہتے لوگوں کو شہید کیا جارہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ برطانیہ میں کشمیر کی بڑی کمیونٹی رہتی ہے اور برطانوی لیبر پارٹی نے کشمیریوں پر مظالم کی مذمت کی ہے جبکہ مقبوضہ کشمیر کی صورت حال پر لندن میں بہت بڑا مظاہرہ بھی ہوا ہے۔

عامر خان نے کہا کہ ہمیں دنیا کو دکھانا ہے کہ مقبوضہ جموں وکشمیر میں کیا ہو رہا ہے، وہاں بچوں،عورتوں اور نوجوانوں کو قتل کیا جا رہا ہے تاہم عامر خان فاؤنڈیشن کشمیریوں کی مدد کرے گی۔ میں کشمیر میں رہنے والوں کے چہرے پر خوشی دیکھنا چاہتا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ بھارت اور پاکستان کو مل بیٹھ کر مسئلہ کشمیر کا حل تلاش کرنا چاہیے اور تمام سیاستدانوں کو اس معاملے کو سنجیدگی سے لینا چاہیے۔ بھارتی فنکار کشمیر کے معاملے پر مکمل طور پر بھارت کے ساتھ ہیں۔

یہ بھی پڑھیں مقبوضہ کشمیر میں بھارتی بربریت سے نسل کشی کا خدشہ ہے، عامر خان

بین الاقوامی باکسر نے کہا کہ بھارت کی جانب سے مسلسل سرحد پار کشمیریوں پر حملے کیے جا رہے ہیں مجھے سب لوگوں نے منع کیا تھا کہ وہاں جانا خطرناک ہے۔ میں برطانیہ جا کر کشمیر کے معاملے پر پارلیمنٹیرینز سے بات کروں گا۔

انہوں نے کہا کہ پاک فوج نے میری بہت مدد کی ہے اور میری آج آرمی چیف کے ساتھ باکسنگ کے فروغ پر بات چیت ہوئی۔


متعلقہ خبریں