‘پاکستان اور بھارت کے درمیان ممکنہ 5ویں جنگ روکیں’

'پاکستان اور بھارت کے درمیان ممکنہ 5ویں جنگ روکیں'

فائل فوٹو


اسلام آباد: وزیراعظم آزاد جموں وکشمیر راجہ فاروق حیدر نے ایک درجن سے زائد سربراہان مملکت کو لکھے گئے خطوط میں کہا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان ممکنہ پانچویں جنگ کو روکنے میں کردار ادا کریں۔

انہوں نے روس، چین، جرمنی، انڈونیشیا، سنگاپور، اردن، کیوبا، اٹلی، سپین، ناروے، آسٹریا، سویڈن، آسٹریلیا، جاپان، سعودی عرب، جنوبی کوریا اور اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کو بذریعہ خط مقبوضہ کشمیر کی سنگین صورتحال سے آگاہ کیا ہے۔

اپنے خطوط میں راجہ فاروق حیدر نے لکھا کہ پاکستان اور بھارت کشمیر پر چار جنگیں لڑ چکے ہیں لیکن اس بار روائتی جنگ نہیں ہوگی کیوں کہ دونوں ممالک ایٹمی صلاحیت کے مالک ہیں۔

انہوں نے کشمیر کے صورتحال سے متعلق لکھا کہ بھارت کے 5 اگست کے اقدامات کے نتیجے میں عوام شدید تکلیف میں ہیں اور وادی میں انسانی بحران کا خدشہ ہے۔

سربراہان مملکت کو بتایا گیا کہ بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں فوج کی تعداد بڑھا دی ہے اور کرفیو کی آڑ میں انسانی حقوق کی دھجیاں اڑائی جا رہی ہیں۔

راجہ فاروق حیدر نے اپنے خطوط میں لکھا کہ مقبوضہ کشمیر میں پریس پر پابندی ہے اور انٹرنیٹ و ٹیلیفون سروس بھی بند ہے جب کہ مقبوضہ کشمیر میں تمام سیاسی قیادت پابند سلاسل ہے۔

وزیراعظم آزاد کشمیر نے بھارتی اقدام کے متعلق لکھا کہ 80 لاکھ سے زائد کشمیری بھارتی فوج کے نرغے میں ہیں۔

ایک درجن سے زائد سربراہان مملکت کو بتایا گیا ہے کہ بھارت نے آئینی دہشت گردی کرکے کشمیریوں سے ان کی شناخت چھین لی ہے۔

خطوط کے متن میں درج ہے کہ بھارت نے یکطرفہ اقدامات کے ذریعے کشمیر کو نقصان پہنچایا کیوں کہ وہ  آبادی کا تناسب تبدیل کرنا چاہتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ بھارت کے یکطرفہ اقدامات اقوام متحدہ کی قراردادوں کے منافی ہیں اور عالمی سربراہان انسانی ہمدردی کی بنیاد پر مسئلہ کشمیر حل کرانے میں اپنا کردار ادا کریں۔


متعلقہ خبریں