خطے میں امن و سلامتی کو خطرات لاحق ہیں، عمران خان

ہم نے مودی سرکار کی ہندوتوا فاشسٹ بالادستی کو بے نقاب کیا، وزیر اعظم

فوٹو: فائل


اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ بھارتی اقدامات سے خطے کی امن و سلامتی کو خطرات لاحق ہو گئے ہیں۔

وزیر اعظم عمران خان نے مختلف ممالک کے سربراہان کو ٹیلی فون کیا جن میں فرانس کے صدر، اردن کے شاہ عبداللہ سمیت دیگر شامل ہیں۔

وزیراعظم نے سربراہان مملکت کو مقبوضہ کشمیر کی متنازعہ حیثیت بدلنے سے متعلق بھارتی اقدامات سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی اقدامات اقوام متحدہ کی قرار دادوں اور عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بھارتی اقدامات سے خطے کی امن و سلامتی کو خطرات لاحق ہو گئے ہیں اور مقبوضہ کشمیر کے عوام لاک ڈاؤن کے باعث شدید مشکلات کا شکار ہیں۔

عمران خان نے بتایا کہ مقبوضہ کشمیر میں 5 اگست سے کرفیو نافذ ہے اور انسانی حقوق کی شدید پامالی کی جا رہی ہے۔

اس موقع پر فرانسیسی صدر ایمانوئیل میکرون نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کی صورت حال پر قریب سے جائزہ لے رہے تھے تاہم تمام متنازعہ امور کو پرامن طریقے سے حل ہونا چاہیے۔

یہ بھی پڑھیں کشمیر کی صورتحال، پی ٹی آئی کور گروپ کا اجلاس طلب

وزیر اعظم نے فرانسیسی صدر کو افغان مفاہمتی عمل میں پاکستان کے اقدامات سے بھی آگاہ کیا جس پر فرانسیسی صدر نے افغان امن عمل میں پاکستان کے مثبت کردار کی تعریف کی۔


متعلقہ خبریں