کراچی کا انفراسٹرکچر تباہ ہو چکا ہے، وسیم اختر



اسلام آباد: میئر کراچی وسیم اختر نے کہا ہے کہ شہر قائد کا انفراسٹرکچر تباہ ہوچکا ہے اس لئے یہ بارش کو برداشت نہیں کر سکتا۔

ہم نیوز کے پروگرام ’ صبح سے آگے ‘‘ میں گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ مصطفیٰ کمال کو نیک نیتی سے عہدہ دیا تھا، جو بھی رضا کارانہ کام کرنا چاہے گا اسے خوش آمدید کہوں گا۔

ان کا کہنا تھا کہ شاید مصطفیٰ کمال کو یہ بھی نہیں معلوم کہ میئر کے پاس کیا اختیارات ہیں میں نے انہیں اپنے ماتحت محکمہ دیا، مگر انہوں نےسیاست کی اورپریس کانفرنس میں نعرےبازی کی۔ میں نے انہیں کےایم سی کے آڈٹ کے لیے نہیں رکھا تھا۔

میئر کراچی نے کہا کہ ایسا نظام بنا دیا گیا ہے کہ کراچی سمیت پورے ملک میں کرپشن ہے اس کے بغیر کام ہی نہیں ہورہا، کے ایم سی میں بھی بدعنوانی کے بغیر کام نہیں ہوسکتا۔

انہوں نے کہا کہ تین بار صوبائی وزیر رہ چکا ہوں، میرا فنانس رکارڈ دیکھ لیں سب واضح  ہو جائے گا، ہمیں حکومت سے جو رقم ملتی ہے وہ تنخواہوں میں لگ جاتی ہے، نظام کی بہتری کےلیےعدالتوں میں لڑ رہا ہوں اور اس سلسلے میں وفاقی حکومت کے ساتھ  بھی ملاقاتیں جاری ہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ وزیراعظم نے وعدے کے مطابق کراچی اور حیدرآباد کو فنڈ نہیں دیا،عدالت سے گزارش ہے کہ ان اختیارات کے ساتھ میئر کا اگلا الیکشن نہ کرایاجائے۔

 


متعلقہ خبریں