یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کی فیسوں میں کئی  سو فیصد اضافہ


لاہور: یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی نے طلبہ کی فیسوں میں کئی  سو فیصد اضافہ  کردیا ہے۔

ذرائع  کے  مطابق داخلہ فیس دو ہزار روپےبڑھائی گئی ہے اور  ٹیوشن فیس تیس ہزار روپے سے بڑھا کر چھتیس  ہزار روپے کردی   گئی  ہے۔ سمر سمیسٹر میں فی کریڈٹ آورز کی فیس 200 روپے سے بڑھا کر 2000 روپے کر دی گئی ہے۔ 

ہاسٹلز میں رہائش پذیر طلبہ سے بھی پندرہ سو روپے فیس وصول کی جائے گی۔ یو ای ٹی نے ایڈمیشن فیس ایک ہزار سے بڑھا کر 2000 روپے کر دی ہے۔

رجسٹریشن فیس 500 روپے سے بڑھا کر 1000 روپے، ڈگری ویری فیکیشن فیس ہزار روپے سے بڑھا کر 2000 روپے مقرر کر دی گئی ہے۔ 

طلبہ کو اپنا ای میل ایڈریس رجسٹرڈ کرانے کیلئے 200 روپے ادا کرنا ہوں گے، مفت بننے والے اسٹوڈنٹ شناختی کارڈ پر بھی 500 روپے فیس مقرر کر دی گئی ہے۔ 

اسی طرح یونیورسٹی میگزین فیس 37 روپے سے بڑھا کر 150 روپے، میڈیکل فیس 125 سے بڑھا کر 500 روپے کر دی گئی ہے.یونیورسٹی نے فی سمیسٹر ٹیوشن فیس 30 ہزار روپے سے بڑھا کر 36 ہزار روپے کر دی ہے۔

بی ایس سی انجینئرنگ کے طلبہ کی لیبارٹری فیس 600 سے بڑھا کر 1200 روپے، سپورٹس فیس 300 سے بڑھا کر 600 کردی گئی ہے۔ 

انٹرنیٹ فیس 900 سے بڑھا کر 1800 روپے، ہاسٹلز میں رہائش پذیر طلبہ کیلئے بھی 1500 روپے ٹرانسپورٹ فیس مقرر کردی گئی ہے۔ 

زیرتعلیم طلبہ کو ٹینس اور اسکاش کورٹ میں کھیلنے کیلئے اب 900 روپے کی بجائے 6000 روپے دینا ہوں گے۔ 

یو ای ٹی نے سمسٹر امتحانات کی فیس میں بھی 100 فیصد اضافہ کر دیا ہے۔ 

ہاسٹل کے کیوبیکل روم کا کرایہ 900 سے بڑھا کر 2000 روپے، ڈارمیٹری کا کرایہ 600 سے بڑھا کر 1000 روپے، ہاسٹل روم میں پنکھے کا کرایہ 200 روپے مقرر کر دیا گیا ہے۔ 

 سمر سمیسٹر میں مفت ہاسٹل کی فراہمی ختم کرکے 6000 روپے فیس مقرر کر دی گئی ہے۔ اضافے کا اطلاق آئندہ مہینے سے کر دیا جائے گا۔ 

ذرائع کے مطابق نئی فیس کا اطلاق یو ای ٹی مین کیمپس، کالا شاہ کاکو کیمپس، رچنا کیمپس اور نارووال کیمپس میں بھی ہوگا۔

یہ بھی پڑھیے: لاہور: ایف سی کالج نے سمر انٹرنشپ فیس میں 300 گنا اضافہ کردیا


متعلقہ خبریں