مقبوضہ کشمیر کی صورتحال:وزیراعظم اور وزیر خارجہ کے عالمی رہنماؤں سے رابطے


اسلام آباد:پاکستان کشمیریوں کی آواز عالمی سطح تک پہنچانے کے لیے سرگرم عمل ہے۔ وزیراعظم عمران خان اور وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کے عالمی راہنماؤں سے رابطے جاری ہیں۔ 

وزیراعظم عمران خان نے مقبوضہ کشمیر کی صورت حال پر فرانسیسی صدر اور اردن کے شاہ عبداللہ کو ٹیلی فون کیا۔

وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے بھی نیوزی لینڈ اور کویت کے نائب وزرائے اعظم اورسری لنکا اور آذر بائیجان کے وزرائےخارجہ سے ٹیلی فونک رابطے کیے، مقبوضہ جموں وکشمیر میں جاری انسانی حقوق کی بھارتی خلاف ورزیوں سے آگاہ کیا ۔

حکومت کشمیریوں کی آواز عالمی رہنماؤں تک پہنچانے کے لیے سرگرم عمل ہے۔

فرانسیسی صدر نے مسئلے کے پُرامن حل پر زور دیتے ہوئے کہا کہ وہ مقبوضہ کشمیر کی صورت حال کا بغور جائزہ لے رہے ہیں ۔ اردن کے شاہ عبداللہ کا کہنا تھا کہ مذاکرات کے ذریعے مسئلہ کشمیرکا پرامن حل ضروری ہے ۔

وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کے ساتھ ٹیلی فونک گفتگو میں نیوزی لینڈ کے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ نے مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا۔

شاہ محمود قریشی نے ‏کویت کے نائب وزیراعظم و وزیرخارجہ شیخ صباح خالد الحماد الصباح اور آذربائیجان کے ہم منصب ایلمار مامد یارووف کو بھی ٹیلی فون کئے۔

مخدوم شاہ محمود قریشی نے سری لنکن وزیر خارجہ تلک ماراپانا سے رابطے میں خطے میں امن و امان کی مخدوش صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے صدر سلامتی کونسل کو ایک اور خط بھی لکھا جس میں بھارت کی جانب سے ممکنہ جعلی فلیگ آپریشن پر تشویش کا اظہار کیا گیا ۔

یہ بھی پڑھیے: وزیر خارجہ شاہ محمود کا او آئی سی کے سیکرٹری جنرل سے ٹیلی فونک رابطہ


متعلقہ خبریں