ڈی چوک میں بڑے عوامی اجتماع کی تیاریاں شروع کردی گئیں


اسلام آباد:وزیراعظم عمران خان کی جانب سے جمعۃ المبارک کو مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام سے یکجہتی کے اظہار کا اعلان کے بعدپاکستان تحریک انصاف نےوفاقی دارالحکومت کے عوام کو متحرک کرنے کا فیصلہ کیاہے۔ 

ڈی چوک میں بڑے عوامی اجتماع کی تیاریاں شروع کردی گئی ہیں۔ پاکستان تحریک انصاف اسلام آباد کے صدر فرید رحمان نے مختلف سیکٹرز کیلئے موبلائزیشن ٹیموں کی تشکیل شروع کردی ہے۔ کل صبح 11 بجے عوام کو ڈی چوک میں جمع کیا جائے گا۔

تحریک انصاف کے قائدین بھی عوام کے ہمراہ صبح 11 بجے ڈی چوک پہنچیں گے۔ دن 12 سے ساڑھے 12 بجے تک وزیر اعظم کے اعلان کیمطابق بھارت کی مذمت اور اہل کشمیر سے یکجہتی کا اظہار کیا جائے گا۔

وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سمندر پار پاکستانیز سید زوالفقار بخاری (زلفی بخاری) اس اجتماع میں خصوصی شرکت کریں گے۔

زلفی بخاری وزیراعظم عمران خان کا خصوصی پیغام عوام تک پہنچائیں گے۔

صدر تحریک انصاف اسلام آباد فرید رحمان نے کہاہے کہ کشمیر کی جدوجہد آزادی ایک نہایت اہم موڑ پر آکھڑی ہے،مودی سرکار نے تمام قانونی حدود و قیود پامال کرکے کشمیر پر غاصبانہ قبضے کی کوشش کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ کشمیر پر قبضہ ہی نہیں بی جے پی کے سفاک درندے کشمیریوں کا قتل عام بھی چاہتے ہیں،وزیراعظم نے عوام کی امنگوں کی ترجمانی کرتے ہوئے کشمیری بھائیوں کی آواز بننے کا فیصلہ کیا ہے۔

پی ٹی آئی کے صدر نے کہا کہ اسلام آباد کے عوام وزیراعظم کی کال پر بھرپور لبیک کہتے ہوئے کل انشاءاللہ میدان میں نکلیں گے، بچے، بوڑھے، جوان، مرد و خواتین اور ہر شعبہ زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد صبح 11 بجے ڈی چوک پہنچیں۔

وفاقی دارالحکومت کےصدر تحریک انصاف نے کہا کہ اسلام آباد کل صبح ڈی چوک سے دنیا کو باآواز بلند کشمیری بھائیوں سے یکجہتی کا پیغام بھیجے گا۔

یہ بھی پڑھیں: کشمیریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کا ابتدائی پروگرام تیار


متعلقہ خبریں