’ سلیکٹڈ حکومت 3000ارب روپے کا خسارا کیسے پورا کرے گی؟‘

تیزی سے پھیلتے کورونا کے باوجود لاک ڈاؤن ختم کر دیا گیا، نفیسہ شاہ

پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرینز کی سیکریٹری اطلاعات ڈاکٹر نفیسہ شاہ نے وزارت خزانہ کی مالیاتی رپورٹ پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ریکارڈ بجٹ خسارا نالائق وزیراعظم اور ان کی نااہل ٹیم کا شاخسانہ ہے۔

پیپلز پارٹی کی مرکزی سیکرٹری اطلاعات ڈاکٹر نفیسہ شاہ  نے سوال اٹھایاہے کہ سلیکٹڈ حکومت 3000ارب روپے کا خسارا کیسے پورا کرے گی؟

ڈاکٹر نفیسہ شاہ نے کہا کہ سابق آصف علی زرداری کے دور میں ملک کی معیشت مستحکم ہو چکی تھی، بیرونی اور اندرونی قرضہ بلاناغہ ادا کیا جا رہا تھا، قرضے بھی اتر رہے تھے اور عوام کو ریلیف بھی مل رہا تھا۔ لاکھوں برطرف ملازمین کو بحال کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی کے دور میں ملازمین کی تنخواہوں میں 200فیصد اضافہ کیا گیا، بینظیر انکم سپورٹ پروگرام، ایمپلائز سٹاک پروگرام شروع کیا گیا، صوبوں کو این ایف سی ایوارڈ دیا گیا اور صوبوں کو خودمختاری کے ساتھ واجبات ادا کئے گئے۔

انہوں نے کہا کہ سلیکٹڈ وزیراعظم نے ایک سال میں ملک کا حلیہ ہی بگاڑ دیا ہے۔ بجلی اور گیس کے بل عوام کا خون نچوڑنے کی مشین بنا دئیے گئے ہیں۔ پٹرول کی قیمتوں کے ذریعے عوام کو دونوں ہاتھوں سے لوٹا جا رہا ہے۔

ڈاکٹر نفیسہ شاہ نے کہا کہ ظالم سونامی، بیروزگاری، بھوک و افلاس کا سونامی بن کر عوام کا معاشی قتل کر رہا ہے۔ ضروریات زندگی خوراک اور ادویات کی قیمتیں غریب عوام کی پہنچ سے باہر ہوچکی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ نام نہاد صادق و امین کے دور میں سفید پوش عوام کی زندگی بھی مشکل بن چکی ہے۔

ڈاکٹر نفیسہ شاہ نے کہا کہ صدر آصف علی زرداری نے درست فرمایا تھا کہ نیب اور معیشت ساتھ ساتھ نہیں چل سکتے اور حقیقت بھی یہی ہے کہ نیب کی وجہ سے عوام کے فلاح و بہبود کے ادارے مفلوج بن کر رہ گئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ڈالر کی قیمتیں بڑھنا بھی نالائق وزیراعظم کی نالائق ٹیم کا کارنامہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان میں اہلیت ہی نہیں کہ ملک کے امور سمجھ سکیں۔

یہ بھی پڑھیں: سیاسی قیادت کے خلاف مقدمات حکومتی بوکھلاہٹ کا ثبوت ہے، پیپلزپارٹی


متعلقہ خبریں