حزب اختلاف نے بڑے پن کا ثبوت دیا، شاہ محمود قریشی کا اعتراف

حزب اختلاف نے بڑے پن کو ثبوت دیا، شاہ محمود قریشی کا اعتراف

فوٹو: فائل


اسلام آباد: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ حزب اختلاف کی جماعتوں نے کشمیر کے معاملے پر بڑے پن کا ثبوت دیا۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے سینیٹ اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ سیاسی اختلافات کے باوجود کشمیر کے معاملے پر قوم متحد ہے جبکہ کشمیریوں کو پاکستان سے بہت سی امیدیں وابستہ ہیں۔ ہمیں اپنے مقصد کے حصول کے لیے اتحاد کا مظاہرہ کرنا ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ کشمیریوں اور پاکستانیوں نے بھارتی اقدامات کو یکسر مسترد کردی ہے اور بھارت میں بھی نریندر مودی کے خلاف آوازیں اٹھ رہی ہیں جبکہ کشمیر کے مسئلے پر بھارتی سیاسی جماعتیں ایک پیج پر نہیں ہیں۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ بھارت دنیا سے حقائق چھپا رہا ہے تاہم چین کی مشاورت سے نہ صرف اقوام متحدہ کو خطوط لکھے گئے بلکہ برطانوی پارلیمنٹیرین نے بھی اقوام متحدہ کو خط لکھا ہے۔

انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر پر چین کی مشاورت سے سلامتی کونسل گئے اور سلامتی کونسل میں مسئلہ کشمیر اٹھنے پر بھارتی اندرونی معاملے کے بیانیے کی قلعی کھل گئی۔ سلامتی کونسل میں 54 سال کے بعد بطور عالمی تنازع مسئلہ کشمیر زیر بحث آیا۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ کشمیر سمیت دنیا بھر میں بھارتی مظالم پراحتجاج ہو رہے ہیں اور مسئلہ کشمیر سے متعلق پاکستان کے عالمی رہنماؤں سے رابطوں کا سلسلہ جاری ہے جبکہ سیاسی جماعتوں اور قوم کی جانب سے بھی واضح پیغام گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بھارتی سپریم کورٹ میں مودی کے غیر قانونی اقدام کے خلاف 14 درخواستیں دائر کی گئی ہیں تاہم بھارتی سپریم کورٹ پر انتہا پسند ہندؤ تنظیموں کا شدید دباؤ ہے۔

یہ بھی پڑھیں کشمیر پر عالمی اداروں کی خاموشی مجرمانہ ہے، شیری رحمان

وفاقی وزیر نے کہا کہ بھارت کی غلط فہمی ہے پاکستان جھک جائے گا، جو سوچ پاکستان کو تسلیم نہیں کرتی وہ کشمیر اور گلگت بلتستان کو کیا تسلیم کرے گی۔ قوم کو ہر طرح کی سوچ سے لڑنے کے لیے تیار رہنا ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ غلطیوں سے ہم نے بہت کچھ سیکھا ہے اور ہماری مشترکہ کوششیں ضرور رنگ لائیں گی۔ جمعہ کو جب بھارتی ہائی کمیشن کے سامنے جلوس جائے گا تو تاریخ رقم ہو گی۔ پاکستان کی طرف جو میلی آنکھ سے دیکھے گا اس کی آنکھیں نوچ لی جائیں گی۔


متعلقہ خبریں