بھارت ہٹ دھرمی کی تمام حدیں پار کرچکا ہے،عثمان بزدار

فوٹو: فائل


لاہور: وزیراعلی پنجاب سردار عثمان احمد خان بزدار نے کہاہے کہ بھارت نے مقبوضہ جموں و کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کر کے تمام اخلاقی،سفارتی،سیاسی اوربین الاقوامی قوانین کو پامال کیا ہے۔بھارت ہٹ دھرمی کی تمام حدیں پار کرچکا ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے ان خیالات کا اظہار صوبائی وزراء اور اراکین قومی و صوبائی اسمبلی سے ملاقات میں کیا۔

وزیراعلیٰ نے صوبائی وزراء اوراراکین اسمبلی کو یوم یکجہتی کشمیرکے موقع پر عوامی اجتماعات میں بھر پورشرکت کی ہدایت بھی کی ۔

اس موقع پر انہوں نےکہا کہ کشمیری عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کیلئے صوبائی وزراء اوراراکین اسمبلی کل دوپہر 12بجے کے اجتماعات میں بھر پورشرکت کریں۔

سردار عثمان احمد خان بزدار نے کہا کہ صوبائی وزراء اوراراکین اسمبلی اپنے علاقوں میں بھی یوم یکجہتی کشمیر پر اجتماعات کا انعقاد کریں۔دنیا کو پیغام دینا ہے کہ کشمیری جدوجہد آزادی میں تنہا نہیں بلکہ پاکستانی قوم ان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔

انہوں نے کہا کہ مظلوم اوربے بس کشمیری عوام کی جدوجہدکی کامیابی ہی واحد آپشن باقی بچا ہے۔غیر قانونی بھارتی تسلط کے خلاف کشمیری عوام کی مزاحمت بہت جلدثمر آور ہوگی۔بھارت کی ظلم و تشدد کی پالیسی مکمل طورپر ناکام ہوچکی ہے۔

عثمان بزدار نے کہا کہ ہرصاحب ضمیر بھارتی بھی مودی سرکار کے غیر جمہوری اور گھناؤنے اقدام پر شرمندہ ہے۔مقبوضہ کشمیر کے بارے میں بھارت کا تعصب دنیا کے سامنے ایک بار پھر بے نقاب ہوگیا ہے۔

وزیراعلی سے ملاقات کرنے والوں میں صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد، صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ محمد جہانزیب خان کھچی، صوبائی وزیر کوآپریٹو مہر محمد اسلم، اراکین قومی اسمبلی احمد حسین ڈیہڑ اور  عامر طلال گوپانگ شامل تھے۔

اراکین صوبائی اسمبلی کرنل (ر) غضنفر عباس شاہ، رانا شہباز احمد، میجر (ر) محمد لطاسب ستی، ام البنین علی اورٹکٹ ہولڈر خرم وٹو بھی ملاقات کرنے والوں میں شامل تھے۔

یہ بھی پڑھیں: کشمیریوں سے یکجہتی، 12بجے کھڑے کیسے ہوں گے؟


متعلقہ خبریں