میری موجودگی میں بھی عمران کے بشری بی بی سے تعلقات تھے، ریحام خان


لندن :عمران خان کی سابقہ اہلیہ ریحام خان نے دعوی کیا ہے کہ ان کی موجودگی میں بھی عمران خان کے بشری بی بی سے تعلقات تھے۔

معروف برطانوی اخبار دی ٹائمز کو دیئے گئے ایک انٹرویو میں انھوں نے الزام لگایا کہ عمران خان  سچے شخص نہیں، وہ تین برسوں سے بشری سے رابطے میں ہیں۔

چیئرمین پی ٹی آئی کے عقد میں دس ماہ تک رہنے والی ریحام نے یہ انٹرویو ایک ایسے وقت میں دیا جب ملک میں آئندہ انتخابات کے حوالے سے سیاسی جماعتیں سرگرم ہو چکی ہیں۔

سابقہ بی بی سی ’ویدر گرل‘ نے پر اعتماد لہجے میں کہا کہ جس شادی کا اعلان اتوار کو کیا گیا وہ تقریباً دو ماہ قبل ہوئی تھی اور ایسا ہی سابق کرکٹ کپتان نے ان سے بھی شادی کے وقت کیا تھا۔

پیشہ ور کرکٹر کی حیثیت سے ریٹائرمنٹ کے بعد بطور سیاست دان فعال ہونے والے عمران خان نے 2015 میں ریحام خان سے شادی کی تھی لیکن اعلان دو ماہ بعد کیا تھا۔

سیکیورٹی وجوہات پر کچھ عرصہ قبل برطانیہ منتقل ہونے والی ریحام خان کا کہنا ہے کہ دونوں نے یکم جنوری کو نکاح کیا لیکن ذاتی وجوہات کے باعث اسے خفیہ رکھا۔

عمران خان کی پیرنی کے حوالے سے ملک گیر شہرت حاصل کرکے اب شریک سفر بننے والی بشری بی بی اور چیئرمین کی شادی کی باقاعدہ تصدیق پی ٹی آئی نے اتوار کو کی ہے۔

ایک سوال پر ریحام خان نے کہا کہ اپنی نئی شادی کی تاریخ کے حوالے سے ان کے سابق خاوند جھوٹ بول رہے ہیں۔

عمران خان نے 1995 میں برطانوی یہودی خانوادے سے تعلق رکھنے والی جمائما خان سے شادی کی تھی جن سے ان کے دو بیٹے ہیں۔ جو 2004 میں والدین کے درمیان ہونے والی علیحدگی کے بعد  لندن میں اپنی ماں کے ساتھ رہتے ہیں۔

دلچسپ امر یہ ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے ترجمان فواد چودھری نے غیر ملکی خبر رساں ادارے سے بات چیت میں تصدیق کی کہ دونوں طویل عرصےسے ایک دوسرے کو جانتے ہیں تاہم تفصیلات نہیں دیں۔


متعلقہ خبریں