وزیر اعظم کا متحدہ عرب امارات کے ولی عہد سے ٹیلیفونک رابطہ


اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کا متحدہ عرب امارات کے ولی عہد محمد بن زاید سے ٹیلی فونک رابطہ ہوا ہے جس میں مقبوضہ کشمیر کا مسئلہ موضوع گفتگو رہا ہے۔

دونوں رہنماؤں کے درمیان گفتگو میں مقبوضہ کشمیر کی صورتحال کے علاوہ باہمی دلچسپی کے امور اور علاقائی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا ہے۔

عمران خان نے یو اے ای کے ولی عہد کو مقبوضہ کشمیر میں ہونے کی جانے والی بھارتی جارحیت سے آگاہ کیا اور کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے پر بھی گفتگو ہوئی۔

متحدہ عرب امارات کے ولی عہد محمد بن زاید نے ٹویٹر پیغام میں وزیراعظم کے ساتھ رابطے کی تصدیق کی ہے۔

یاد رہے کہ چند روز قبل ہی متحدہ عرب امارات (یواے ای) کے ولی عہد شیخ محمد بن زاید النہیان نے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کو اعلیٰ ترین سول اعزاز سے نوازا ہے۔

بھارتی وزیراعظم متحدہ عرب امارات کے مختصر دورے پر گزشتہ جمعہ کو ابوظہبی پہنچے تھے نریندر مودی نے قصر الوطن میں متحدہ عرب امارات کے ولی عہد شیخ محمد بن زاید النہیان سے ملاقات کی جس میں دوطرفہ اسٹریٹیجک تعلقات پر بھی بات کی گئی۔

اس ملاقات میں اماراتی ولی عہد محمد بن زاید النہیان نے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کو ملک کا اعلیٰ ترین سول اعزاز (آرڈر آف زاید) دیا تھا۔

مودی کو یو اے ای کی جانب سے سول اعزاز دیے جانے پر وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی چوہدری فواد حسین نے مایوسی کا اظہار کیا تھا۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر شیئر کیے گئے ایک پیغام میں وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چودھری کا کہنا تھا کہ امہ نہیں آپ کے لیے ملک کی سرحدیں مقدس ہیں۔

انہوں نے کہا تھا کہ پاکستان میں ایک طبقہ پاکستان سے زیادہ عرب اور ایران کے لیے فکر مند رہتا ہے لیکن نریندر مودی سے ان ممالک کے تعلق میں ایک سبق ہے کہ اپنی قوم سے بڑھ کر کچھ نہیں ہوتا ہے۔

اپنے ایک پیغام میں وفاقی وزیرنے زور دے کر کہا کہ آپ کی عیدیں ہوں یا پالیسیاں، اپنی سرحدوں کو مقدس جانیں۔


متعلقہ خبریں