کشمیر میں کرفیو کا 26 واں دن: مکین روحانی، ذہنی اور جسمانی اذیت میں مبتلا

کشمیر میں کرفیو کا 26 واں دن: مکین روحانی، ذہنی اور جسمانی اذیت میں مبتلا

سری نگر: مقبوضہ وادی کشمیر میں بھارت کی جانب سے عائد کردہ جبری ریاستی پابندیوں اور بہیمانہ تشدد کا سلسلہ 26 ویں دن بھی جاری ہے۔ کرفیو کے مسلسل نفاذ کی وجہ سے مقبوضہ وادی کے مکین بدترین روحانی ، جسمانی اور ذہنی اذیت میں مبتلا ہیں لیکن ان کا پرسان حال کوئی نہیں ہے۔

مقبوضہ وادی چنار سے موصولہ اطلاعات کے مطابق بارہ مولا میں سرچ آپریشن کے دوران بھارت کے قابض فوجیوں نے گولیاں مار کر ایک اور کشمیری نوجوان کو شہید کردیا ہے۔

’بھارتی فوجی تشدد کر رہے تھے اور میں خدا سے موت کی دعا مانگ رہا تھا‘

علاقے سے موصولہ اطلاعات کے مطابق بھارت کی ریاستی دہشت گردی، جبر و تشدد اور انسانیت سوز مظالم کے خلاف آج جمعہ کے دن غالب امکان ہے کہ مختلف علاقوں میں احتجاج کیا جائے گا۔ بھارتی افواج نے ایسی صورتحال سے بچنے کے لیے نافذ کرفیو میں نہ صرف مزید سختی کردی ہے بلکہ نفری کی تعداد بھی بڑھا دی ہے۔

بھارتی افواج نے گزشتہ دنوں بھی ہونے والے احتجاجی مظاہروں کے دوران مظاہرین پر اندھا دھند گولیاں برسائی تھیں، پیلٹ گنز کا بے دریغ استعمال کیا تھا اور آنسو گیس کے شیل فائر کیے تھے۔

قابض افواج کی جانب سے کی جانے والی فائرنگ سے متعدد کشمیری شدید زخمی ہوگئے تھے جو اپنا علاج بھی ازخود گھروں پہ کررہے ہیں کیونکہ مواصلاتی نظام کی معطلی کے سبب وہ ایمبولینس کو بلا نہیں سکتے ہیں اور اسپتال پہنچنے کی صورت میں ڈاکٹروں کی جانب سے حالات معمول پر آنے کے بعد آنے کی ہدایت کردی جاتی ہے۔

ہم نیوز نے گزشتہ روز بتایا تھا کہ جنونی ہندوؤں کی مودی سرکار نے محکمہ صحت کے ملازمین کو ہدایت کی ہے کہ وہ زخمیوں کا علاج معالجہ نہ کریں۔ اس صورتحال کے سبب علاقے میں متعدد زخمیوں کے زخم بڑھ کر ناسور میں تبدیل ہونے کے خدشات پیدا ہوگئے ہیں۔

نکسل علیحدگی پسندوں کا کشمیریوں کی حمایت کا اعلان

ہمالیائی وادی سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق اشیائے خورو نوش، دودھ، ادویات اور پانی سمیت دیگر بنیادی انسانی ضروریات کی قلت نے بحرانی کیفیت پیدا کردی ہے۔ علاقے میں ذرائع نقل و حمل کی عدم دستیابی سے حالات گھمبیر شکل اختیار کرچکے ہیں اور ذرائع ابلاغ کی بندش کو 26 دن گزرچکے ہیں۔

مقبوضہ وادی کشمیرسے گزشتہ 25 روز کے دوران دس ہزار سے زائد کشمیریوں کو گرفتار کیا جا چکا ہے جب کہ متاثرین کے اہل خانہ لاعلم ہیں کہ انہیں کہاں اور کس جیل یا عقوبت خانے میں رکھا گیا ہے؟

پاکستان اور آزاد کشمیر میں مظلوم کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لیے پوری قوم آج سڑکوں پہ نکلی ہے اوربھارت کے ظالمانہ اقدامات کے خلاف سخت مذمت کی ہے۔


متعلقہ خبریں