وقار یونس سے بہتر باؤلنگ کوچ نہیں دیکھا، جنید خان

junaid khan

جنید خان کو بھی بڑا عہدہ مل گیا


اسلام آباد: قومی کرکٹ ٹیم کے ٹیسٹ باؤلر جنید خان نے کہا ہے کہ اگر آپ موجودہ ٹیم کے کسی بھی باولر سے وقار یونس کے بارے میں پوچھیں تو وہ خوشی سے بتائیں گے کہ ان سے بہتر باولنگ کوچ کوئی اور نہیں ہو سکتا۔

ایک انٹرویو میں ان کا کہنا تھا کہ وقار یونس کی ٹیم کے گیند بازوں میں مقبولیت کی وجہ ان کا پچھلا کوچنگ کا دور تھا جس میں انہوں نے تمام گیند بازوں کے ساتھ خوب محنت کی اور اس کے بہت مثبت نتائج بھی برآمد ہوئے ۔

جنید خان نے کہا کہ جہاں ایک طرف گیند باز وقار یونس کی کوچنگ سے بہت خوش تھے وہیں قومی ٹیم کے بلے باز ان سے زیادہ مطمئن نہیں تھے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی) کی انتظامیہ بہتر جانتی ہے کہ کسے قومی ٹیم کا کوچ ہونا چاہئے۔پی سی بی نے کافی سوچ بچار کے بعد مکی آرتھر کو کوچ تعینات کیا تھا اور اب بھی وہ نئے کوچ کے انتخاب کےلئے ایسا ہی کریں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ بحیثیت کھلاڑی مجھے کسی بھی کوچ کی کوچنگ میں کھیلنے سے کوئی اعتراض نہیں ہے، میرا کام اچھا کھیل پیش کرنا ہے چاہے کوچ مصباح الحق ہوں یا کوئی اور۔

یاد رہے گزشتہ روز کرکٹ بورڈ نے قومی ٹیم کیلئے ہیڈ اور باؤلنگ کوچ کے لئے انٹرویوز مکمل کیے تھے۔

بولنگ کوچ کے امیدوار محمد اکرم کی جانب سے درخواست واپس لینے کے بعد وقار یونس مضبوط امیدوار بن گئے ہیں اور قوی امکان ہے کہ یہ ذمہ داری انہیں کو ملے گی۔

ہیڈکوچ کے لیے ڈین جونز نے آن لائن انٹرویو دیا جب کہ مصباح الحق نے پی سی بی کو اپنی صلاحیتوں کے بارے میں بتایا۔

سابق ویسٹ انڈئین فاسٹ باولر کورٹنی واش اور محسن حسن خان نے بھی ہیڈ کوچ کے عہدے کے لیے پینل کو اپنے تجربے سے آگاہ کیا۔


متعلقہ خبریں