سلمان شہباز کی جائیدادیں ضبط کرنے کا حکم


لاہور: احتساب عدالت نے پاکستان مسلم لیگ نواز کے صدر اور سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کے بیٹے سلمان شہباز کی جائیدادیں ضبط کرنے کا حکم دے دیا۔

ہم نیوز کے مطابق احتساب عدالت کے جج امیر محمد خان نے نیب پراسیکوٹرز کی درخواست پر حکم جاری کیا۔

عدالت نے تفتیشی حکام کو ہدایت جاری کی کہ سلمان شہباز کی جائیدادیں ضبط کر کے ایک ماہ میں رپورٹ دی جائے۔

سماعت کے دوران نیب پراسیکیوٹر حافظ اسداللہ اعوان نے اپنے دلائل میں کہا کہ منی لانڈرنگ کیس میں سلمان شہباز کو بار بار طلبی کے نوٹس جاری کیے گئے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ سلمان شہباز نے تاحال نیب تحقیقات میں شمولیت اختیار نہیں کی۔

گزشتہ سال اکتوبر میں احتساب عدالت نے سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کے داماد عمران علی یوسف کی جائیداد ضبط کرنے کا حکم جاری کیا تھا۔

احتساب عدالت کے جج محمد اعظم نے نیب کی درخواست پرعمران علی یوسف کی جائیداد ضبط کرنے کے خلاف مقدمے کی سماعت کی جس میں عدالت نے شہباز شریف کے داماد کی جائیداد ضبط کرنے کا حکم دیا۔

دوران سماعت نیب پراسیکیوٹر حافظ اسد اللہ نے کہا کہ علی عمران کی اربوں روپے مالیت کی جائیداد پاکستان میں ہے۔

انہوں نے بتایا کہ علی سنیٹر،علی ٹاؤن میں کروڑوں روپے مالیت کےدفاتر اور اپارٹمنٹ ہیں جب کہ علی اینڈ فاطمہ ڈویلپر کے نام پر گلبرگ میں اربوں روپے مالیت کا پلازہ ہے۔


متعلقہ خبریں