سابق صدر آصف زرداری کو واپس اڈیالہ جیل راولپنڈی منتقل کر دیا گیا

آصف زرداری کا ایک بار پھر میڈیکل چیک اپ

فوٹو: فائل


اسلام آباد: سابق صدر آصف علی زرداری کو واپس اڈیالہ جیل راولپنڈی منتقل کر دیا گیا ہے۔

ذرائع کا کہناہے کہ سابق صدرآصف علی زرداری  کے کئی ٹیسٹ بھی  مکمل نہ ہوسکے ۔ انہیں کچھ دیر قبل بکتر بند گاڑی میں واپس جیل منتقل کیا گیاہے۔

اسپتال ذرائع نے ہم نیوز کو بتایا ہے کہ سابق صدر آصف علی زرداری کو پمز اسپتال سے چھٹی دے دی گئی ہے، میڈیکل بورڈ نے’ سب اوکے‘ کی رپورٹ پیش کر دی۔ جیل انتظامیہ سابق صدر کو اڈیالہ جیل لے کر روانہ ہوئی ۔

اسلام آباد انتظامیہ اور پولیس کے اعلی حکام آصف زرداری کو اڈیالہ جیل بھیج کر پمز سے واپس روانہ ہوگئے ہیں۔

واضح رہے کہ آصف علی زرداری کو گزشتہ روز اڈیالہ جیل راولپنڈی سے پمزاسپتال اسلام آبا کے شعبہ امراضِ دل منتقل میں کیا گیا تھا۔

ذرائع کے مطابق آصف علی زرداری کے متعدد میڈیکل ٹیسٹ کئے جائیں گے، سابق صدر دل ، کمر اور مہروں کے امراض میں پہلے سے مبتلا ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ميڈيکل بورڈ نے گزشتہ ہفتے آصف زرداری کو اسپتال منتقل کرنے کی سفارش کی تھی۔

واضح رہے پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے الزام عائد کیا تھا کہ حکومت طبی سہولیات نہ دے کر آصف زرداری کو قتل کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ والد سے جیل میں ملاقات کی جن کو بغیر کسی جرم کے قید کیا گیا ہے۔

بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ حکومت کے خلاف عدالت جارہے ہیں، والد کو کچھ ہوا تو حکومت ذمہ دار ہوگی۔

یاد رہے کہ  سابق وزیراعظم پاکستان محترمہ  بے نظیر بھٹو کی صاحبزادی آصفہ بھٹو زرداری  نے الزام عائد کیا ہے کہ  وہ آج عدالت کی اجازت کے ساتھ  اپنے والد سے ملنا چاہتی تھیں مگر پمز انتظامیہ نے مجھے دیکھ کر اسپتال کے دروازے بند کردئیے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ  جب وہ اپنے والد سے ملاقات کے لئے اسپتال پہنچیں تو انہوں نے دیکھا کہ اسپتال انتظامیہ نے اس دوران  کسی مریض کو نہ اندر آنے دیا اور نہ باہر جانے دیا۔

آصفہ بھٹو زرداری نے سوال اٹھایا کہ کون سی اتھارٹی اس سلیکٹڈ حکومت کو پورا اسپتال بند کرنے کی اجازت دیتی ہے؟ کون سی اتھارٹی اس سلیکٹڈ حکومت کو مریضوں اور شہریوں کے اسپتال داخلے پر پابندی لگاتی ہے؟

یہ بھی پڑھیے: والد سے ملاقات کیلئے گئی تو پولیس نے دھکے دیئے، آصفہ بھٹو کا الزام

آصف علی زرداری کو پمز اسپتال منتقل کر دیا گیا


متعلقہ خبریں