سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف کے وارنٹ گرفتاری جاری

چیف جسٹس اور جج صاحبان پارلیمنٹ کے دائرے میں مداخلت نہ کریں، اسپیکر کا خط

لاہور: پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنما اورسابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف کے وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے گئے،لاہور کی  احتساب عدالت نے سابق وزیراعظم کی حاضری معافی کی درخواست منظور نہ کی۔

احتساب عدالت کے ڈیوٹی جج جواد الحسن نے گوجرانوالہ الیکٹرک پاور سپلائی کمپنی( گیپکو) میں غیر قانونی بھرتی اسکینڈل سے متعلق کیس کی سماعت کی۔

سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف کے وکیل نے عدالت کو آگاہ کیا کہ راجہ پرویز اشرف ناسازی  طبیعت کے باعث پیش نہیں ہو سکے۔

نیب پراسیکیوٹر نے کہا کہ کیس کا فیصلہ ہونے والا ہے، گزشتہ کئی سماعتوں سے راجہ پرویز اشرف عدالت میں پیش نہیں ہو رہے۔

عدالت نے رہنما پیپلزپارٹی کی حاضری معافی کی درخواست مسترد کرتے ہوئے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دئیے ۔

عدالت نے راجہ پرویز اشرف کو پچاس ہزار روپے کے مچلکے جمع کروانے کا حکم بھی دے دیا۔

عدالت میں راجہ پرویز اشرف سمیت تمام ملزمان کو سوالنامہ فراہم کر دیا گیا ہے۔ ۔

واضح رہے کہ راجہ پرویز سمیت آٹھ ملزمان کیخلاف تمام گواہان اپنے بیان قلمبند کروا چکے ہیں۔ قومی احتساب بیورو (نیب) نے  گیپکو میں غیر قانونی بھرتیوں کےکرپشن ریفرنس میں راجہ پرویزاشرف سمیت 8 ملزمان کو نامزد کر رکھاہے۔

یہ بھی پڑھیے: رینٹل پاور کیس:سابق وزیر اعظم راجہ پرویز اشرف پر براہ راست فرد جرم عائد


متعلقہ خبریں