’ بھارت نے اپنے آئین کی خلاف ورزی کرکے کشمیریوں کے خلاف جنگی قدم اٹھالیا ہے‘


اسلام آباد: سابق وزیر داخلہ رحمان ملک کا کہنا ہے کہ بھارت نے اقوام متحدہ کی قراردادوں اور اپنے آئین کی خلاف ورزی کرکے کشمیریوں کے خلاف جنگی قدم اٹھالیا ہے۔

پروگرام ایجنڈا پاکستان میں میزبان عامر ضیاء سے گفتگو کرتے ہوئے رحمان ملک نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں حالات انتہائی خراب ہیں کہ وہاں ادویات اور خوراک کی کمی ہے۔

رحمان ملک نے کہا کہ کشمیر کی خصوصی حیثیت تبدیل کرنا اقوام متحدہ کی گیارہ قراردادوں کی نفی ہے۔ نریندرمودی نے آرایس ایس کے منصوبے پر عمل کیا ہے، بھارت میں اس کی مخالفت کرنے والے افراد کو گرفتار کیا جارہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے پاکستان کے اندر کافی کچھ کیا ہے لیکن اس سے دنیا کو کوئی فرق نہیں پڑے گا، ہمیں کشمیریوں کا کیس لے کر اقوام متحدہ کے پاس پھر جانا چاہیے۔

ایک سوال کے جواب میں رحمان ملک نے کہا کہ ہم نے ہمیشہ کشمیریوں کا ساتھ دیا لیکن اس دفعہ حکومت نے دنیا میں وفد نہ بھیج کر ان کا ساتھ نہیں دیا ہے۔

سابق وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ ہمیں کشمیر میں امن فوج کی تعیناتی اور نریندرمودی کے خلاف جنگ جرائم کے مقدمے کا مطالبہ کرنا چاہیے، اس سلسلے میں عالمی انسانی حقوق کو ہم بطور ثبوت پیش کرسکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کی چیخیں نکل رہی ہیں اور ہمیں دنیا تک یہ پہنچانی چاہیئں، ہماری حکومت کو اس بحران کو اپنے لیے موقع سمجھنا چاہیے کہ ہم اس سے زیادہ فائدہ کیسے اٹھا سکتے ہیں۔

رحمان ملک کا کہنا تھا کہ بھارت کو مشورہ ہے کہ وہ حملہ کرنے کی غلطی نہ کرے ورنہ پاکستان کی جانب سے بھرپور جواب دیا جائے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ معاشی اور سیکیورٹی کے معاملات پر حکومت کو تعاون کی پیشکش کی لیکن حکومت نے سیاسی معاملات میں الجھ کر مخالفین کو احتساب سے ڈرانے کا کام شروع کیا ہوا ہے۔

رحمان ملک نے کہا کہ اس وقت ملک کی سالمیت کا مسئلہ ہے اگر سیاستدان، قوم اور فوج متحد نہ ہوئے تو دشمن فائدہ اٹھا سکتا ہے۔
سابق وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ موجودہ حالات میں اتفاق رائے کی سخت ضرورت ہے، ہماری خارجہ اور معاشی پالیسیوں میں تسلسل نہیں ہے، اس کے لیے طویل منصوبہ بندی کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے لیے یہ بات پریشان کن ہے کہ ہماری قربانیوں کے باوجود دنیا ہمارے موقف کو تسلیم نہیں کرتی ہے۔

رحمان ملک کا کہنا تھا کہ بلاول بھٹو نوجوان لیڈر اور ملک کا مستقبل ہیں، وہی ملک کو بحران سے نکالیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف اپنے وعدے پورے کرنے میں ناکامی رہی ہے اس لیے آنے والا وقت پیپلزپارٹی کا ہی ہے۔


متعلقہ خبریں