پنجاب میں ڈینگی کے مریضوں کی تعداد میں اضافہ ہونے لگا

اسلام آباد اور کراچی میں ڈینگی کے وار تیز: مریضوں کی تعداد بڑھنے لگی

لاہور: پنجاب میں ڈینگی نے اپنے پنجے گاڑ لیے ہیں، گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران صوبے بھر میں 82 افراد کے ڈینگی کے مرض میں مبتلا ہونے کی تصدیق ہو گئی ہے۔

ڈینگی کے شکار افراد میں سے 67 کا تعلق راولپنڈی سے ہے جبکہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے 14 باسی اس مرض میں مبتلا پائے گئے ہیں۔

پنجاب کے صوبائی دارالحکومت لاہور میں بھی گزشتہ دو گھنٹوں کے دوران ڈینگی کے دو کیسز کی تصدیق ہوئی ہے۔

ان نئے اعدادوشمار کے بعد رواں برس صوبے بھر میں ڈینگی کے مریضوں کی تعداد 511 ہو گئی ہے جبکہ ملک بھر کے 746 افراد ڈینگی کی لپیٹ میں آئے ہیں۔

یاد رہے کہ پنجاب کے علاوہ سندھ میں بھی ڈینگی بخار سے متاثرہ افراد کی تعداد ایک ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔

محکمہ صحت کی رپورٹ کے مطابق رواں سال اب تک مختلف اسپتالوں میں ڈینگی بخار کے 1072 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جن میں سے 1014 افراد کا تعلق کراچی شہر سے ہے۔

گزشتہ ماہ کراچی میں ڈینگی سے متاثرہ افراد کی تعداد 815 تھی۔ ایک ماہ میں 200 سے زائد کیسسز سامنے آئے تھے۔

محکمہ صحت کے ماہرین کا کہنا ہے کہ اگست سے دسمبر کے درمیان ڈینگی کے خطرات زیادہ ہوتے ہیں۔ اس موسم میں شہریوں کو بہت زیادہ احتیاط کرنی چاہیے۔


متعلقہ خبریں