آصف علی زرداری کے خیر خواہ پیسے دینے کے لئے تیار ہیں، شیخ رشید

’بھارت چاہتا ہے میں مر جاؤں‘



لاہور: وزیر ریلوے شیخ رشید نے کہا ہے کہ سابق صدر آصف علی زرداری کے خیر خواہ پیسے دینے کے لئے تیار ہیں، نواز شریف کے لوگوں کو بھی رقم کی ادائیگی کے لیے فیصلہ کرنا چاہئیے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ  عمران خان این آراو کبھی نہیں کریں گے، اگر تھوڑے بہت پیسے دے دیں تو کچھ ہوسکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ  مرکز میں ن لیگ 2 بننے جارہی ہے، اس کی قیادت شہبازشریف کریں گے یا چوہدری نثارعلی، اس کا ابھی پتہ نہیں ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ بھارتی میڈیا کل پورا دن مجھے کرنٹ لگنے کی خبریں چلاتا رہا ہے، یہ چاہتے ہیں کہ میں مر جاؤں۔

پاک بھارت کشیدگی کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان کی قوم اور فوج کشمیر کی خاطر کچھ بھی کرنے کے لیے تیار ہے، اگر بھارت آزاد کشمیر یا لاہور کی طرف بڑھے گا تو ہم اسمارٹ بم سے انہیں تباہ کر دیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ مولانا فضل الرحمان میرے ساتھ مل کر مودی کےخلاف ریلی نکالیں گے، کشمیر پر ساری جماعتیں ایک ہونے جارہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ  مسافر ٹرینوں میں مزید اضافہ نہیں ہوگا، اب فریٹ ٹرینیں چلیں گی،  ہمارے پیسہ ہیں نہیں اور ہم تھوک سے پکوڑے تل رہے ہیں۔

شیخ رشید نے اعلان کیا کہ وزیراعظم عمران خان 6 ستمبر کو بہاولپوراسٹیشن کا افتتاح کریں گے جبکہ 7 ستمبرکو راجن پورڈی جی خان اسٹیشن کا بھی افتتاح کیا جائے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ محرم کے بعد کشمیر کی آزادی کے سلوگن  کے ساتھ 5 سے8 ٹرینیں چلائی جائیں گی، جبکہ جناح ایکسپریس کے کرایے میں 500 روپے کمی کررہے ہیں۔


متعلقہ خبریں