’عالمی برادری کو کشمیر کیلئےکچھ کرنا ہوگا،اس سے پہلے کہ دیر ہو جائے’

‘مسئلہ کشمیر پر اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کا بیان پاکستانی مؤقف کی تائید ہے ‘

فائل فوٹو


پاکستان نے عالمی برادری پر زور دیا ہے کہ وہ  مسلئہ کشمیر کے حل کے لیے اقدامات کرے۔ اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ڈاکٹر ملیحہ لودھی نے کہاہے کہ عالمی برادری کو کشمیر کے لیے کچھ کرنا ہوگا اس سے پہلے کہ دیر ہو جائے۔ 

ڈاکٹر ملیحہ لودھی نے یہ بات عرب نشریاتی ادارے العربیہ کو دیئے گئے ایک انٹرویو میں کی ہے۔

اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ڈاکٹر ملیحہ لودھی نے کہا کہ جب بھی کرفیو اٹھا بھارت کو کشمیر سے یہی آواز آئے گی کہ وہ کشمیر سے نکل جائے۔

انہوں نے کہا کہ سلامتی کونسل کہ ذمہ داری ہے کہ وہ کشمیر پر اپنی قراردادوں پر عملدرآمد یقینی بنائے۔ کشمیر میں حالات سنگین انسانی المیے کا پیش خیمہ بن رہے ہیں ۔

ڈاکٹر ملیحہ لودھی نے کہا کہ طاقت کے زور پر وادی کو محصور کر کے کشمیری عوام کو انکے حق خودارادیت سے دستبردار نہیں کیا جا سکتا۔

اس سے قبل بھی اس حوالے سے ڈاکٹر ملیحہ لودھی کا بیان سامنے آیا تھا۔28اگست کو  ملیحہ لودھی نے کہا تھاکہ مقبوضہ ‎کشمیر میں بھارتی حکومت کی جانب سے لگایا جانے والا کرفیو اور انسانیت سوز پابندیاں چوتھے ہفتے میں داخل ہو گئی ہیں ۔

اقوام متحدہ کے قائم مقام انڈر سیکرٹری جنرل برائے پیس آپریشنز خالد خیری سے ملاقات کے دوران کشمیر کی تازہ صورتحال سے آگاہ کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ‎یہ عالمی برادری کی ذمہ داری ہے کہ وہ کشمیر میں انسانی حقوق کی بدترین خلاف ورزیوں کو رکوانے میں اپنا کردار ادا کرے ۔

انہوں نے کہا کہ ‎بھارتی فورسز راتوں میں چھاپے اور گرفتاریاں کر کے مقبوضہ وادی میں خوف و ہراس مزید بڑھا رہی ہے۔

‎ملیحہ لودھی نے قائم مقام انڈر سیکرٹری جنرل کو بتایا کہ کشمیر میں بھارتی بربریت سے حالات مزید سنگین ہونے کا خدشہ ہے، ‎اقوام متحدہ کو کشمیر میں صورتحال کو ابتر ہونے سے روکنا ہوگا ۔

‎ان کا کہنا تھا کہ لائن آف کنٹرول کی نگرانی کرنے والے اقوام متحدہ امن مشن کی تعداد بڑھا کر اسے مزید فعال بنایا جائے ۔

یہ بھی پڑھیے: کشمیر میں بھارتی بربریت سے حالات مزید سنگین ہونے کا خدشہ ہے، ملیحہ لودھی


متعلقہ خبریں