مودی کا ظلم عالمی برادری اور مہذب دنیا کا امتحان ہے ، شہباز شریف

فوٹو: فائل


پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف قومی اسمبلی  شہبازشریف نے کہاہے کہ  ستائیس دن سے کشمیریوں پرہونے والے  مظالم پر عالمی برادری کی بے عملی افسوسناک اور تشویشناک ہے ۔ انصاف کا متعصبانہ اور جانبدارانہ استعمال دنیا کو تباہی کی طرف لیجائے گا ۔

شہباز شریف کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا کہ عالمی برادری نے کشمیریوں کی نسل کشی نہ رکوائی تو وہ اپنے دفاع میں اسلحہ اٹھانے میں حق بجانب ہوں گے ۔

انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کی قراردادیں قابض افواج کے خلاف مظلوموں کو ہتھیار اٹھانے کی اجازت دیتی ہیں ۔ ماؤں، بہنوں، بیٹیوں، بچوں پربہیمانہ مظالم پر کشمیری نوجوان خاموش تماشائی بنے نہیں رہ سکتے۔

سابق وزیر اعلی پنجاب نے سوال اٹھایا کہ عالمی برادری کی خاموشی کشمیری نوجوانوں کو کیا پیغام دے رہی ہے؟نسل کشی کے خطرے سے دوچار قوم اپنی بقاءاور دفاع کے لئے ہر حد تک جانے کا جواز رکھتی ہے ۔

شہباز شریف نے کہا کہ آج عالمی برادری اپنے وعدوں کا پاس نہیں کرے گی تو کل اسے کسی کو لیکچر دینے کا حق بھی نہیں ہوگا ۔ بے گناہوں کا لہو بہنے سے نہ روکا گیا تو مظلوم کشمیری عالمی برادری کو بھی قاتل کا ساتھی سمجھیں گے ۔

پاکستان میں حزب اختلاف کی سب سے بڑی جماعت مسلم لیگ ن کے صدرنے کہا کہ پاکستانی اور کشمیری اپنے بھائیوں، بہنوں پر بدترین مظالم پر خاموش نہیں رہ سکتے مغرب کو مشرقی تیمور اور ساوتھ سوڈان کی فکر تھی توپاکستانیوں کو کشمیریوں کی فکر ہے ۔

انہوں نے کہا کہ مغرب کو مسیحی آبادی اور دیگر اقوام کے حقوق میں دلچسپی ہے تو پاکستان کو بھی کشمیر اور فلسطین کے عوام کے حقوق سے دلچسپی ہے ۔ مودی کا ظلم عالمی برادری اور مہذب دنیا کا امتحان ہے ۔

شہباز شریف نے کہا کہ عالمی برادری دوراہے پر کھڑی ہے، مودی پوری دنیا اور انسانیت سے کھیل رہا ہے ۔ ظلم کا بیج بو کر دنیا میں امن وخوشحالی کے پھول نہیں کھلیں گے۔ظلم، تعصب اور نفرت کی فصل کا زہریلا پھل پوری انسانیت کا مقدر نہیں ہے۔

اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے کہا کہ دنیا کو فیصلہ کرنا ہوگا کہ وہ کرہ ارض کو جہنم بنانا چاہتی ہے یا امن وآشتی کا گہوارہ؟ دنیا یاد رکھے کہ کشمیری ستر سال سے زائد عرصے سے عظیم قربانیاں دے رہے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ نسل در نسل اپنی آزادی کے حق کی قیمت دینے والوں کو کیسے ڈرایا اور دبایا جاسکتا ہے؟

یہ بھی پڑھیے: ’عالمی برادری کو کشمیر کیلئےکچھ کرنا ہوگا،اس سے پہلے کہ دیر ہو جائے’


متعلقہ خبریں