لاہور میں تین روزہ انٹرنیشنل سکھ کنونشن کا آغاز


لاہور میں تین روزہ انٹرنیشنل سکھ کنونشن کا آغاز ہو گیا ہے، افتتاحی تقریب میں گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہاہے کہ  کرتار پور راہداری کا کھولنا سکھوں سے محبت کی علامت ہے۔ 

وزیراعظم عمران خان کی معاون خصوصی برائے اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے سکھ برادری کشمیریوں کی آواز بلند کرے۔

ملکی تاریخ میں پہلی بار سکھ کنونشن کا آغاز ہواہے۔ اس موقع پر گورنر پنجاب کی میزبانی میں سجی تقریب میں بھارت، کینیڈا، امریکا، برطانیہ، فرانس اور دیگر ممالک سے پچاس کے قریب سِکھ سکالرز اور رہنما شریک ہیں جنہیں سرکاری مہمان کا درجہ حاصل ہے۔

گورنر پنجاب  چودھری محمد سرور نے ابتدائی سیشن سے خطاب میں کہا کہ سکھوں اور مسلمانوں میں قربتیں کسی سے ڈھکی چھپی نہیں، کرتار پور راہدار اس محبت کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

وزیراعظم کی مشیر برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا سکھ برادری پاکستان کا امن پسند چہرہ دنیا کو دکھائے۔

وزیراعظم کے مشیر نعیم الحق نے کہا کہ نومبر میں بابا گرونانک کی پانچ سو پچاس ویں سالگرہ پر سکھ یاتریوں کوملٹی پل ویزہ کی سہولت دی جائے گی۔

کنونشن میں آئے غیر ملکی مندوبین ننکانہ صاحب اور سچا سودا کی یاترا کیلئے بھی جائیں گے، آخری روز تصویری نمائش کا اہتمام ہو گا، مہمانوں کو خصوصی طور پر ڈیزائن سووینئرز اور دیگر تحائف بھی پیش کئے جائیں گے۔

یہ بھی پڑھیے: نومبر میں کرتار پور راہداری کھول دی جائے گی، فواد حسین چوہدری


متعلقہ خبریں