عوام حکومت کو گھر جانے پر مجبور کر دے گی، کاشف عباسی


اسلام آباد: سینئر صحافی اور تجزیہ کار کاشف عباسی نے کہا ہے کہ مہنگائی کے خلاف عوام سڑکوں پر نکلے گی اور حکومت کو گھر جانے پر مجبور کر دیا جائے گا۔

ہم نیوز کے پروگرام بریکنگ پوائنٹ ود مالک میں سینئر صحافی کاشف عباسی نے کہا کہ مسلم لیگ ن میں فارورڈ بلاک بننے کے امکانات بہت کم ہیں کیونکہ مسلم لیگ ن اپنی سخت آزمائش سے گزر چکی ہے تاہم پیپلز پارٹی میں فارورڈ بلاک بن سکتا ہے لیکن پارٹی کے ٹوٹنے کے امکانات نہیں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سندھ میں صرف ایک ہی جماعت ہے جو گزشتہ کئی سالوں سے برسراقتدار میں ہے اس لیے پیپلز پارٹی کے خلاف کوئی پارٹی رہنما نہیں جائے گا کیونکہ پھر اس کی سیاست ختم ہو جائے گا۔ جو فریال تالپور کے خلاف کھڑا ہو گا اس کا مطلب اور آصف علی زرداری کے خلاف ہو گا، ایسے شخص کو پارٹی سے ہی فارغ کر دیا جائے گا۔

کاشف عباسی نے کہا کہ مریم نواز شریف کے قریبی لوگ اب کہہ رہے ہیں غلطی ہو گئی اس کا مطلب اب پارٹی کے اندر یہ سوچ پروان چڑھ رہی ہے کہ لڑنے کا کوئی فائدہ نہیں اور چوہدری نثار ٹھیک کہتے تھے۔

انہوں نے کہا کہ شہباز شریف کے جب بھائی کے خلاف جانے کے امکانات تھے تو وہ نہیں گئے اس لیے اب وہ نواز شریف کے مخالف کبھی کھڑے نہیں ہوں گے۔

سینئر صحافی نے کہا کہ ان تمام افراد کے خلاف تحقیقات ہونی چاہیئیں جن پر مقدمات ہیں صرف چند افراد کو نشانہ بنانا ٹھیک نہیں ہے یہ حکومت کے خلاف نقصان دہ ہو گا۔ خورشید عباسی کے خلاف مسلم لیگ ن نے ہی مقدمات بنائے تھے لیکن اس پر عملدرآمد اب ہو رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے وعدے کیے گئے تھے کہ حکومتی خرچے کم ہوں گے، کابینہ محدود ہو گی، پسند نہ پسند کا معاملہ نہیں ہو گا لیکن کسی پر بھی عمل نہیں کیا گیا اور وہ سب کیا جا رہا ہے جو گزشتہ حکومتیں کر چکی ہیں اور عمرا ن خان جن کے خلاف تھے۔

کاشف عباسی نے کہا کہ ہر آنے والا وزیر اعظم چاہتا ہے کہ اس کے ساتھ جی حضور کرنے والے افراد ہوں اور وہی افراد انہیں پھنسا بھی دیتے ہیں لیکن وہ وزیر اعظم آنے کے بعد پھر یہی غلطی دہراتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کا خیال ہے مہنگائی کی وجہ سے پاکستان میں کوئی حکومت نہیں گئی اس لیے موجودہ حکومت کو بھی فرق نہیں پڑے گا۔ حکومت کی ایک سالہ کارکردگی صفر ہے سوائے گرفتاریوں کے کوئی کام نہیں کیا گیا۔


متعلقہ خبریں