افغانستان امن معاہدے کی راہ ہموار ہوگئی؟ زلمے خلیل زاد کی کابل روانگی

افغانستان امن معاہدے کی راہ ہموار ہوگئی؟ زلمے خلیل زاد کی کابل روانگی

دوحہ: امریکی نمائندہ خصوصی برائے افغان مفاہمتی عمل زلمے خلیل زاد نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکہ اور افغان طالبان کے درمیان ہونے والے مذاکرات معاہدے کے بہت نزدیک پہنچ گئے ہیں۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ ہونے والے معاہدے سے نہ صرف افغانستان میں ہونے والے تشدد میں کمی آئے گی بلکہ بین الافغان مذاکرات کی راہ بھی ہموار ہوگی۔

افغان طالبان اور امریکہ کے درمیان امن سمجھوتہ ہو پائے گا ؟

ہم نیوز کے مطابق دوحہ، قطر میں جاری امن مذاکرات کے نویں دور کے تقریباً اختتام پرسماجی رابطے کی ویب سائٹ ’ٹوئٹر‘ پر جاری کردہ بیان میں افغان نژاد امریکی سفارتکار زلمے خلیل زاد نے کہا کہ امن معاہدے کا نواں دور مکمل ہوگیا ہے اور اب وہ اس سلسلے میں کابل حکومت سے مشاورت کریں گے۔

 

عالمی خبررساں ایجنسی کے مطابق زلمے خلیل زاد آج افغانستان روانہ ہوں گے جہاں وہ صدر اشرف غنی اور ان کی حکومت کے دیگر اعلیٰ حکام سے اس ضمن میں مشاورت کریں گے۔

افغان مفاہمتی عمل میں امریکہ کے مذاکراتی وفد کی قیادت کرنے والے سفارتکار کا بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے کہ جب قندوز پہ گزشتہ ورز بڑا حملہ کیا گیا ہے۔

زلمے خلیل زاد کے مطابق امن معاہدے کے بعد ایسا افغانستان دنیا کے سامنے آئے گا جو اپنی سرزمین کسی کو بھی دہشت گردی کے خلاف استعمال کرنے کی اجازت نہیں دے گا۔

امریکہ اور افغان طالبان کے درمیان قیام امن کے لیے کیے جانے والے امن معاہدے کے حوالے سے باقاعدہ مذاکرات کا آغاز سال رواں کے آغاز میں ہوا تھا۔

افغان امن معاہدہ کھٹائی میں پڑ گیا؟ پینٹاگون اور اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ مدمقابل

مذاکرات کے آغاز سے قبل اور دوران بات چیت بھی متعدد مرتبہ افغان طالبان کی جانب سے واضح طور پر کہا گیا کہ وہ افغانستان کی کٹھ پتلی حکومت سے کوئی بات چیت نہیں کریں گے۔ ان کا یہ بھی اصرار رہا ہے کہ جب تک امریکی قیادت میں موجود غیر ملکی افواج افغانستان سے نکل نہیں جاتیں اس وقت تک طالبان کی جاری کارروائیاں بھی اختتام پذیر نہیں ہوں گی۔

امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے گزشتہ دنوں واضح کیا تھا کہ امریکی مفادات کے تحفظ کے لیے وہ آٹھ ہزار سے زائد فوجی افغانستان میں رکھیں گے۔ ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ اگر افغانستان سے دہشت گرد گروپ نے پھر کبھی امریکہ پر حملہ کیا تو ہم اتنی طاقت کے ساتھ واپس آئیں گے جسے پہلے کبھی کسی نے نہیں دیکھا ہو گا۔


متعلقہ خبریں