کرتارپور راہداری، پاک-بھارت مذاکرات بدھ کو ہوں گے


اسلام آباد: کرتارپور راہداری کے حوالے سے بھارت نے پاکستان کی پیشکش کا جواب دے دیا اور دونوں ممالک کے درمیان اعلیٰ سطح مذاکرات بدھ کو ہوں گے۔

ذرائع کے مطابق صبح 10 بجے شروع ہونے والے مذاکرات واہگہ اٹاری بارڈر پر بھارتی جانب ہوں گے جس کے دوران راہداری کا حتمی مسودہ طے کیا جائے گا۔

کرتارپور راہداری کے مسودے پر اس وقت 80 فیصد سے زائد اتفاق ہے جبکہ یہ اعلیٰ سطح مذاکرات کا تیسرا دور ہوگا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستانی وفد کی قیادت ڈی جی ساؤتھ ایشیا و سارک ڈاکٹر محمد فیصل کریں گے۔

گزشتہ سال پاکستان نے بابا گرونانک کے 550 ویں جنم دن کی مناسبت سے بھارتی شہریوں کی سہولت کے لیے کرتار پور راہداری کھولنے کا فیصلہ کیا تھا اور بھارتی کابینہ نے بھی اس کی منظوری دے دی تھی۔

صوبہ پنجاب میں نارووال کے ضلع اور انڈین سرحد سے متصل علاقے کرتار پور میں سکھ مذہب کے بانی اور روحانی پیشوا بابا گرو نانک کی قبر اور سمادھی ہے۔

کرتار پور راہداری 3.8 کلومیٹر پر محیط ہو گی۔ ڈھائی کلومیٹر راہداری پاکستان کی طرف اور 1.3 کلومیٹر بھارت کی جانب تعمیر کی جائے گی۔


متعلقہ خبریں