’بھارت کیلئے فضائی حدود بند کرنے کا فیصلہ وزیراعظم کو کرنا ہے‘

بھارت کا اصل منصوبہ پاکستان کے پانچ مقامات پر حملہ کرنا تھا، وزیر خارجہ | ہم نیوز

اسلام آباد: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ بھارت کے لیے فضائی حدود بند کرنے کا فیصلہ وزیراعظم عمران خان کو کرنا ہے اور وہ ایسا مناسب وقت پر کریں گے۔

کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی دنیا میں جہاں گئے منہ کی کھانی پڑی۔

انہوں نے کہا کہ کشمیر سیل ہر پہلو پر غور و فکر کرکے تجویز دے گا۔ وزیر خارجہ نے اعلان کیا کہ 9 ستمبر کو جنیوا میں انسانی حقوق تنظیم میں بھارت کا چہرہ بے نقاب کروں گا۔

ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم 27 ستمبر کو جنرل اسمبلی میں مقبوضہ کشمیر کا مقدمہ لڑیں گے اور وہاں مختلف ممالک کے سربراہان سےملاقات کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ بھارتی جارحیت پر خاطر خواہ جواب دیا جائے گا۔ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر کے عوام کا کاروبار 28 روز سے بند ہے جبکہ وہاں نوجوانوں کو اٹھایا جارہا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ آج وزیراعظم نے کشمیریوں سے وعدے کو وفا کیا اور کشمیریوں کی آواز شمالی امریکہ کے مسلمانوں کے سامنے اٹھائی، کشمیریوں کے حق میں آواز اٹھانا تمام مسلم امہ کی ذمہ داری ہے۔

وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ ہٹلر اور مسولینی نے یورپ کو بے پناہ نقصان  پہنچایا، آج وہی اقدام نریندر مودی کررہا ہے، یورپ کو توجہ دینی چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں جوکچھ ہورہا ہے دنیا دیکھ رہی ہے، امید ہے دیگر عوام اور مسلم امہ بھی آواز بلند کرےگی۔

ان کا کہنا تھا کہ او آئی سی نے  مقبوضہ کشمیر سے کرفیو ہٹانے کا مطالبہ کیا اور ارکان نے متفقہ بیان دیا ہے۔

شاہ محمود قریشی نے مزید کہا کہ کشمیر پر حزب اختلاف نے پارلیمان میں ہمارا ساتھ دیا، ریلی میں بھی شامل ہوتے تو مثبت پیغام جاتا۔


متعلقہ خبریں