دوبارہ موقع ملا تو مایوس نہیں کروں گا، عمر اکمل


لاہور: پاکستان کرکٹ ٹیم کے ’نوجوان‘ بلے باز عمر اکمل نے کہا ہے کہ اگر انہیں دوبارہ پاکستان کی نمائندگی کا موقع ملا تو وہ شائقین کو مایوس نہیں کریں گے۔

ایک انٹرویو میں ان کا کہنا تھا کہ میں اب بدل گیا ہوں اور اپنی غلطیوں سے بہت کچھ سیکھا ہے۔

عمر اکمل نے بتایا کہ وہ روز ایک گھنٹے سے رائد نیٹس میں بیٹنگ پریکٹس کرتے ہیں اور اپنی صلاحیتوں کو بہتر بنانے کی کوشش کررہے ہیں۔

’کھیل کے تینوں فارمیٹس یعنی ٹیسٹ، ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی کے لیے دستیاب ہوں، سب کو یقین دلاتا ہوں کہ اگر اپنے ملک کی نمائندگی کا دوبارہ موقع ملا تو کسی کو مایوس نہیں کروں گا۔‘

سابق ہیڈ کوچ مکی آرتھر عمر اکمل کی ٹیم میں شمولیت کے خلاف تھے تاہم اب وہ ٹیم کے کوچ نہیں رہے اور عمر توقع کررہے ہیں کہ انہیں بھی ٹیم کی نمائندگی کا موقع دیا جائے گا۔

’کئی مرتبہ شاندار کارکردگی دکھانے کے باوجود مجھے ٹیم کی نمائندگی کرنے کا موقع نہیں دیا گیا، امید ہے نئی مینجمنٹ میں صورت حال تبدیل ہوگی۔‘

انہوں نے کہا کہ میں نے مصباح الحق کے ساتھ بہت کرکٹ کھیلی اور اور اگر انہیں ٹیم کا ہیڈ کوچ بنایا گیا تو ٹیم کی کارکردگی بہتر ہوگی۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ٹیم کے نوجوان کھلاڑیوں کو مصباح سے سیکھنے کا موقع ملے گا۔


متعلقہ خبریں