خیبر پختونخوا کے سیاحتی مقام میں ایک اور اضافہ ’’سمندر کٹھہ‘‘


نتھیا گلی: خیبر پختونخوا کے سیاحتی مقامات  میں ایک اور حسین سیاحتی مقام کا اضافہ ہو گیا۔

نتھیا گلی کے قریب ’’سمندر کٹھہ‘‘ کے نام سے بننے والی خوبصورت جھیل سیاحوں کے لیے کسی تحفے سے کم نہیں ہے۔ جھیل اپنی خوبصورتی اور دلکشی کے حوالے سے سیاحوں میں تیزی سے مقبول ہو رہی ہے۔

سمندر کٹھہ کا صاف و شفاف پانی، ہرطرف ہریالی، سرسبز پہاڑ اور پرسکون ماحول نے مزید چار چاند لگا دیے ہیں۔ ’’سمندر کٹھہ‘‘ باڑی گلی سے صرف 5 کلو میٹر کے فاصلہ پر واقع ہے جہاں آنے والے سیاحوں کو مایوس نہیں ہونا پڑتا۔

یہ مصنوعی جھیل پہاڑوں سے آنے والے پانی کے بہاؤ کو بند باندھ کر تیار کی گئی ہے جس میں سیاح کشتی کے ذریعے سفر کر کے خوبصورت مناظر کا نظارہ کرتے ہیں۔

یہاں زپ لائن کے ذریعے فضا میں اڑتے سیاحوں کے ایڈونچر کا شوق بھی پورا ہوتا ہے جبکہ جھیل میں موجود بطخوں کی شرارتیں بھی سیاحوں کو اپنی طرف متوجہ کرتی ہیں اور تفریح مقام کی سیر کو آئے افراد خوبصورت یادوں کو کیمرے کی آنکھ میں محفوظ کیے بغیر نہیں رہ سکتے۔

یہ بھی پڑھیں وادیٔ نیلم کا جادوئی سیاحتی مقام رتی جھیل

صوبائی حکومت نے اس پر فضا مقام تک سیاحوں کی رسائی آسان بنانے کے لیے روڈ کی تعمیر شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس کے لیے فنڈز کا اجرا بھی کر دیا گیا ہے۔


متعلقہ خبریں