’نواز شریف پلی بارگین کرکے جہاں چاہیں جاسکتے ہیں‘

حکومت کے خاتمے تک جے یو آئی (ف) کے ساتھ ہیں، نواز شریف

سابق وزیراعظم نواز شریف—اے ایف پی فائل فوٹو۔


لاہور: صوبائی وزیر میاں اسلم اقبال نے کہا ہے کہ سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ نواز کے قائد نواز شریف پلی بارگین کریں اور جہاں وہ جانا چاہتے ہیں جا سکتے ہیں۔

لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ لاڈلے قیدی کے لئے ایک اسپتال کا قیام بھی جیل میں دیا گیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ حزب اختلاف کی جانب سے جو اعتراضات اٹھائے جاتے ہیں اس کا جواب دینا ضروری ہے، ن لیگ جھوٹ اور الزامات کے علاوہ کچھ نہیں ہے۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ 30 برسوں میں کی جانے والی بدعنوانی کے کیس سامنے آ رہے ہیں وہ عوام کے سامنے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ حکومت نے پنجاب میں جو بھی منصوبہ لگایا وہ کرپشن کی تصویر ہے، عوام کا پیسہ لوٹ کر اپنے پورے ٹبر کے پیٹ بڑھے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ ایک سال کے دوران پنجاب حکومت میں بدعنوانی کا کوئی اسکینڈل سامنے نہیں آیا۔

انہوں نے کہا کہ نواز لیگ نے جن لوگوں کو وزیر بنایا وہ تو ان کے فرنٹ مین تھے جن کی ویڈیوز انٹر نیٹ پر پڑی ہیں۔

میاں اسلم نے کہا کہ ایک اسکینڈل بتا دیں ہمارا عوام کی عدالت ہو گی اور ہمارا گریبان ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ زرداری خاندان اور نواز شریف ایک سال اقتدار سے دور رہ کر اپنا ذہنی توازن کھو بیٹھے، خاندانوں کو باہر سے تحائف ملے وہ بھی اٹھا کر گھر لے گئے۔

میاں اسلم کا کہنا تھا کہ سستی روٹی، لیپ ٹاپ، انرجی پراجیکٹ، اورنج لائن اور دیگر منصوبوں میں میں کرپشن کی گئی۔

انہوں نے بتایا کہ جنوبی پنجاب کے لئے پانچ ارب روپے الگ سیکرٹریٹ کے لئے رکھے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ منڈی بہاوالدین اور ڈیرہ غازی خان میں یونیورسٹی تعمیر کردی گئی ہے۔


متعلقہ خبریں