کراچی اور لاہور میں بارش نے تباہی مچا دی

کراچی اور لاہور میں بارش نے تباہی مچا دی

اسلام آباد: کراچی اور لاہور سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں بارش نے تباہی مچا دی اور بلدیاتی اداروں کی جانب سے کیے گئے انتظامات کے پول کھول دیے۔

کراچی میں ایک بار پھر ہونے والی بارش نے تباہی مچا دی، موسلا دھار بارش کے باعث سڑکیں زیر آب آگئیں اور کے الیکٹرک کے 700 سے زائد فیڈر ٹرپ ہو گئے۔ جس کی وجہ سے کئی علاقوں کی بجلی معطل ہو گئی۔ جن  میں نیو کراچی، نارتھ کراچی، بفرزون، ایف بی ایریا، لیاقت آباد، گلشن اقبال، ملیر، لیاری سمیت  دیگر علاقے شامل ہیں۔

محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی کے علاقے سرجانی میں 40 ملی میٹر، نارتھ کراچی میں 38.5 ملی میٹر، ناظم آباد میں 18.5 ملی میٹر، بیس فیصل اور جناح ٹرمینل میں 16 ملی میٹر، صدر میں 10 اور یونیورسٹی روڈ پر 7 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

مئیر کراچی وسیم اختر نے بارش کے باعث بلدیہ عظمیٰ کے لازمی سروسز کے عملے کو ڈیوٹی پر طلب کرتے ہوئے ہدایت جاری کی کہ میونسپل سروسز سمیت دیگر لازمی سروسز کے افسران اور اہلکار ڈیوٹیوں پر پہنچ کر شہریوں کی مدد کریں۔

وسیم اختر نے ہدایت کی کہ بلدیاتی عوامی نمائندے شہریوں کی خدمت کے لیے سڑکوں پر آ جائیں اور عوام کی مشکلات کم کرنے کی کوشش کریں۔

دوسری جانب ایم ڈی واٹر بورڈ انجینئر اسد اللہ خان کے مطابق شہر کے نشیبی علاقوں اور اہم شاہراہوں پر واٹر بورڈ کے موبائل ڈی واٹرنگ پمپ پہنچا دیے گئے ہیں جہاں سے پانی کی نکاسی کا کام جاری ہے۔

لاہور میں بھی ہونے والی بارش نے تباہی مچادی اور شہریوں کے معمولات زندگی کو معطل کر دیا۔ سب سے زیادہ بارش تاجپورہ میں 78 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی جبکہ گلشن راوی، مغلپورہ میں 52 ملی میٹر، ائرپورٹ پر 14 ملی میٹر، پانی والا تالاب میں 36 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

لاہور کے علاقے مناواں میں دیوار گرنے سے 4 افراد جاں بحق اور 3 زخمی ہو گئے۔ پولیس کے مطابق بچے کرکٹ کھیل رہے تھے اور بارش سے بچنے کے لیے دیوار کے ساتھ کھڑے ہو گئے لیکن بارش کی وجہ سے دیوار ان کے اوپر گر گئی۔

یہ بھی پڑھیں حالیہ بارشوں میں 40 ہلاکتیں، کے الیکٹرک کا مالک مفرور قرار

ایم ڈی واسا زاہد عزیز نے کہا کہ نشیبی علاقوں میں نکاسی آب کا کام جاری ہے اور دو گھنٹے میں بارش کا پانی نکال دیا جائے گا۔


متعلقہ خبریں