بھارت کیساتھ مذاکرات ہوتے نظر نہیں آرہے، شاہ محمود


ملتان: پاکستان کے وزیرخارجہ شاہ محمودقریشی نے کہا ہے کہ موجودہ حالات میں بھارت کیساتھ مذاکرات ہوتے نظر نہیں آرہے۔

ملتان میں ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ کشمیری قیادت اس وقت نظر بند ہے اور ان کی عدم موجودگی میں بات چیت نہیں ہو سکتی۔

وزیرخارجہ نے کہا کہ پاکستان کشمیر سے کرفیو ہٹوانے کے لیے کوششیں کر رہا ہے جس کا مطالبہ او آئی سی نے بھی کیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ جنیوا میں بھی انسانی حقوق کا معاملہ اٹھایا جائے گا اور یورپی یونین میں بھی مسئلہ کشمیر معاملہ زیر بحث آئے گا۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان کے پاس تمام آپشن موجود ہیں لیکن ہم اپنے مؤقف میں امن کی بات کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بھارت غلط فہمی میں نہ رہے، اگر جنگ مسلط کی گئی تو افواج پاکستان بھرپور جواب دینے کے لیے تیار بیٹھی ہیں۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پوری پاکستانی قوم وزیراعظم کی کشمیر کے لیے آواز پر یکجا ہوگئی ہے جو یکجہتی کو عملی ثبوت ہے۔

ایک سوال کے جواب میں وزیرخارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستان عالمی عدالت انصاف کے فیصلے کا پابند ہے جس کے تحت کلبھوشن یادیو کو قونصلر رسائی دی جائے گی۔

 

 


متعلقہ خبریں