کیا پاکستان کا معاشی حال مصر جیسا ہو گا؟



اسلام آباد: پاکستان کے سینئیرصحافی محمد مالک نے انکشاف کیا ہے کہ پاکستان کے معاشی اعدادوشمار اس وقت مصر سے ملتے جلتے ہیں۔

ہم نیوز کے پروگرام’بریکنگ پوائنٹ ود مالک‘ کے ابتدائیے میں میزبان کا کہنا تھا کہ مصر میں غربت کی شرح پانچ فیصد بڑھی جو آئی ایم ایف سے قرضے کا نتیجہ تھا، وہاں کی کرنسی کی قدر کم ہوئی اور ٹیکسوں میں اضافہ ہوا۔

محمد مالک نے کہا کہ اعدادو شمار کے مطابق مصر میں سب کچھ ٹھیک تھا اور کئی شعبوں میں ترقی ہوئی ان میں کسی کو روزگار نہیں ملا، آئی ایم ایف نے مصر کے عوام پر ٹیکس لگائے جس کے سبب وہاں اب بھی غربت بڑھ رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور مصر کے حالات ملتے جلتے ہیں اور عمران خان کو چاہیے اپنے فیصلوں پر نظر ثانی کریں۔

پاکستان میں شرح سود کے سوال پر اپنے جواب میں ڈاکٹر محمد زبیر نے کہا کہ یہ پالیسی غیر متعلقہ تھی جس سے ملک میں کاروبار نہیں بڑھ سکے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ دنیا کے ہر مہذب ملک میں پالیسیاں بنانے والے اپنے کاروبار کی تفصیلات فراہم کرتے ہیں لیکن پاکستان میں ایسا نہیں ہوتا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کا اہم مسئلہ بجٹ خسارہ ہے، گزشتہ دس سالوں سے پاکستان کا صنعتی سیکٹر سکڑ رہا ہے۔

محمد زبیر نے کہا کہ اگر حکومت ایک سال قبل صحیح سمت میں سفر شروع کرتی تو آج مثبت نتائج ملتے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی برآمدات نہیں بڑھیں تو ہمارے ذخائر میں اضافہ کیسے ہو گا۔

سینیئرصحافی علی خضر نے کہا کہ مصر کی  معاشی پالیسی پاکستان میں لاگو کی جا رہی ہے جس کے نتائج شروع میں اچھے نظر نہیں آ رہے۔

ان کا کہنا تھا کہ سب سے بڑا مسئلہ حکومت پاکستان کے اخراجات ہیں جس کو قابو کرنا نہایت ضروری ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کے پاس درآمدات کم کرنے کے علاوہ کوئی راستہ نہیں تھا اور اب آپ کو محصولات میں اضافہ کرنا پڑے گا۔

علی خضر کا کہنا تھا کہ جاری خسارہ کم کرنا زیادہ مشکل نہیں آپ شرح سود بڑھا دیں خسارہ کم ہو جائے گا۔

معاشی تحقیق کرنے والے سمیع اللہ طارق نے کہا کہ پاکستان میں سب اچھا نہیں ہے اور بنیادی نقائص ہیں جن کو درست کیے بغیر آگے بڑھنا مشکل ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں شرح سود کا اضافہ بھی ایک بہت بڑا مسئلہ ہے جس سے نجی کاروبار کرنے والے متاثر ہوئے ہیں۔

سمیع اللہ طارق نے کہا کہ موجودہ ٹیم نے معیشت کو استحکام تو دیا ہے لیکن آگے بڑھنے کی کوئی منصوبہ بندی نظر نہیں آرہی۔


متعلقہ خبریں