اسلام آباد پولیس نے اپنے ہی اہلکاروں پر گولیاں برسا دیں، دو زخمی

فوٹو: فائل


اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت کے پولیس افسران کی نااہلی سامنے آ گئی۔ اپنے ہی اہلکاروں پر گولیاں برسا دیں۔

پولیس اہلکاروں کی ماک ریہرسل جاری تھی کی پولیس اہلکاروں نے غلطی سے اپنے ہی اہلکاروں پر گولیاں برسا دیں جس کی وجہ سے دو اہلکار شدید زخمی ہو گئے جنہیں فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا۔

ذرائع کے مطابق اہلکاروں کو دہشت گرد حملے کی کال دے کر فوری طور پر ریسکیو ون فائیو کو طلب کیا گیا اور ماک ریہرسل میں اسلام آباد پولیس کے مختلف شعبہ جات کو ایمرجنسی کال دی گئی تاہم ریہرسل میں پولیس کے مختلف شعبہ جات کا آپس میں ہم آہنگی کا فقدان نظر آیا۔

افسران کی ایمرجنسی کال پر سادہ کپڑوں میں ملبوس اہلکار ون فائیو پہنچے تو سی ٹی ایف کے اہلکاروں نے مشکوک سمجھ کر اپنے ہی پولیس اہلکاروں پر گولیاں برسا دیں اور افسران نے اپنی غلطی چھپانے کے لیے سی ٹی ایف کے اہلکاروں کو ہی سزا وار ٹھہرا دیا۔

آئی جی اسلام آباد محمد عامر ذوالفقار خان نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے سی ٹی ایف کے دونوں اہلکاروں کو معطل کردیا ہے اور واقعہ کی تحقیقات کے لیے فوری طور پر ایس پی انویسٹی گیشن ڈاکٹر سید مصطفیٰ تنویر کی سربراہی میں 3 رکنی تحقیقاتی ٹیم تشکیل دے دی گئی۔

یہ بھی پڑھیں اسلام آباد میں فائرنگ، 2 پولیس اہلکار شہید، 2 زخمی

ترجمان اسلام آباد پولیس کے مطابق ایڈیشنل ایس پی ذیشان حیدر اور ڈی ایس پی سی ٹی ایف محفوظ کیانی تحیقاتی ٹیم کا حصہ ہوں گے اور تحقیقاتی ٹیم 24 گھنٹے کے اندر غلطی کا تعین کرکے رپورٹ آئی جی اسلام آباد کو پیش کریں گے۔


متعلقہ خبریں