لاہور:محکموں کے درمیان علاقائی حدود سے متعلق تنازعہ حل کرنے کا فیصلہ


لاہور میں محکموں کے درمیان علاقائی حدود سے متعلق تنازعہ حل کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔ میٹروپولیٹن کارپوریشن اور لاہور ترقیاتی ادارہ (ایل ڈی اے )کو انکے زیر نگرانی علاقوں (کنٹرولڈ ایریاز) کا ورکنگ پیپر تیار کرنے کی ہدایت کر دی گئی ہے۔

شہری کہتے ہیں چھوٹے چھوٹے کاموں کیلئے اداروں کے درمیان شٹل کاک بن کر رہ جاتے ہیں۔

ہاؤسنگ اسکیمیں تو جھٹ پٹ بن جاتی ہیں مگر شاہراہوں کی تعمیر کا خواب ادھورا رہتا ہے،اس کی وجہ اداروں کا ایک دوسرے سے عدم تعاون ہے۔

شہر کی تئیس سوسائٹیوں کا کنٹرول ایل ڈی اے کے پاس ہے جن کے تعمیراتی کام کا این او سی یہی محکمہ  دیتا  ہے۔

سڑکوں کی تعمیر اور پیچ ورک میٹروپولیٹن کارپوریشن کے ذمہ تو ہے لیکن اختیارات کا نہ ہوناسڑکوں کی مرمت میں رکاوٹ ہے۔

کمشنر لاہور نے اداروں کو ایسے تنازعات ختم کرنے کیلئے کنٹرولڈ ایریا کا ورکنگ پیپر تیار کرنے کی ڈیڈ لائن دے دی ہے۔

شہریوں نے حکومتی اقدام کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ وہ کبھی ایک ادارے کا رخ کرتے ہیں کبھی دوسرے کا مگر کام نہیں ہوتا۔

ایک شہری نے ہم نیوز سے گفتگو میں  ہمارا گھر اس سوسائٹی میں بنا جو ایل ڈی اے کا منظور شدہ لیکن سڑک اب کوئی نہیں بنواتا،سڑک کون بنائے گا کوئی بتانے کو بھی تیار نہیں ہے۔

پنجاب حکومت نے مشیر وزیراعلی ڈاکٹر سلمان شاہ کی سربراہی میں کمیٹی تشکیل دی ہے جو دس روز میں محکموں سے ان کے کنٹرولڈ ایریاز بارے بریفنگ لے گی اور ایک ورکنگ پیپر تیار کرکے دیگی۔

یہ بھی پڑھیں:والڈ سٹی آف لاہور کی 16 تاریخی عمارتیں پنجاب گزٹ کا حصہ قرار


متعلقہ خبریں