بھارت سی پیک اور گوادر پورٹ کے منصوبوں کو نقصان پہنچانا چاہتا ہے،صدر مملکت


کراچی: صدر مملکت عارف علوی کا کہنا ہے کہ بھارت سی پیک اور گوادر پورٹ کے منصوبوں کو نقصان پہنچانا چاہتا ہے۔اطمینان ہے کہ ملک کا دفاع مضبوط ہاتھوں میں ہے۔

صدر مملکت عارف علوی نے ان خیالات کا اظہار آج کراچی  میں بحری مشق شمشیر البحر سیون اور ترسیل بحر ٹوکے معائنے کے موقع پر کیا۔

ترجمان پاک بحریہ نے صدر مملکت عارف علوی کو بحری مشقوں کے حوالے سے بریفنگ دی ۔

پاک بحریہ کے ترجمان نے صدر مملکت کو  بتایا کہ مشق شمشیر البحرہر دو سال بعد منعقد کی جاتی ہےجس میں تینوں افواج اورمتعلقہ وزارتوں کے نمائندگان بھی شریک ہوتے ہیں۔

بحری مشق شمشیر بحر کا مقصد ایسے تصورات کو عملی طور پر جانچنا ہے جنہیں بعد ازیں ملکی بحری حکمت عملی کا حصہ بنایا جا سکے۔

اس موقع پر صدر مملکت عارف علوی کو پاک بحریہ کی جنگی اور آپریشنل تیاریوں سے بھی آگاہ کیا گیا۔

صدر عارف علوی کا کہنا تھا کہ بھارت کے مقبوضہ کشمیر میں کیے جانے والے غیر قانونی اقدامات کا اثر جنوبی ایشیا کی مجموعی سیکیورٹی پر ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی معاشی ترقی سمندر سے بلا تعطل تجارت پر منحصر ہے جس کے لیے پاک بحریہ کا کردار انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔

یہ بھی پڑھیے: بھارت لوگوں کی خواہش کو دبا کر آگ سے کھیل رہا ہے، صدر مملکت


متعلقہ خبریں