انتظار قتل کیس: چالان پیش کرنے کے لیے کل تک کی مہلت


کراچی : سندھ کے دارالحکومت کراچی کی مقامی عدالت نے انتظار قتل کیس کے تفتیشی افسرکوچالان پیش کرنے کے لیے کل تک کی مہلت دے دی۔

تفتیشی افسر نےعدالت کے روبرو بتایا کہ معاملے کی تحقیقات کے لیے نئی مشترکہ تحقیقاتی ٹیم (جے آئی ٹی) بنا دی گئی ہے۔ جو کام کررہی ہے۔

انہوں نےکورٹ سے استدعا کی تھی کہ نئی جے آئی ٹی کی رپورٹ سامنے آنے تک چالان جمع کرانے کی مہلت دی جائے۔ جس پرعدالت نے گرفتار 8  اینٹی کار لفٹنگ سیل (اے سی ایل سی) اہلکاروں کے خلاف چالان جمع کرانے کےلیے کل تک کا وقت دے دیا۔

اطلاعات کے مطابق ملزمان کوجیل سےعدالت میں 27 فروری کو پیش کیا جائے گا۔

انتظار قتل کیس میں 8 اے سی ایل سی اہلکار گرفتار ہیں۔ مقدمے میں ایک اے سی ایل سی افسر طارق رحیم نے ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج جنوبی کی عدالت سے ضمانت لے رکھی ہے۔ واقعہ کا مقدمہ تھانہ درخشاں میں درج کیا گیا ہے۔

گزشتہ ماہ 13 جنوری کو کراچی کے علاقے خیابان اتحاد ڈیفنس میں اے سی ایل سی اہلکاروں نے ایک گاڑی پر فائرنگ کردی تھی جس کے نتیجے میں 19 سالہ نوجوان انتظاراحمد ہلاک ہوگیا تھا۔

ذرائع کے مطابق اے سی ایل سی اہلکاروں نے ایک گاڑی کو رکنے کا اشارہ کیا تھا تاہم کار ان کا اشارہ نظرانداز کرکے آگے نکل رہی تھی جس پر اہلکاروں نے فائرنگ کی تھی۔


متعلقہ خبریں